حصار میں ہوٹلوں پر پولیس کا چھاپہ، 22 لڑکیاں اور 19 لڑکے مشتبہ حالات میں ملے

تاثیر 22 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

حصار، 22 ستمبر: ماڈل ٹاؤن میں شیش محل والی گلی میں واقع ہوٹل راج اور ہوٹل 999 میں پولیس نے چھاپہ مار کر مبینہ جسم فروشی کی سرگرمیوں کا پردہ فاش کیا ہے۔ کارروائی کے دوران دونوں ہوٹلوں سے 22 لڑکیاں اور 19 لڑکے مشتبہ حالات میں ملے۔ پولیس نے سبھی کو محفوظ طریقے سے ریسکیو کیا اور ضروری پوچھ گچھ و کارروائی کے بعد چھوڑ دیا۔ معاملے میں دونوں ہوٹلوں کے مینیجرز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی ویمن سیفٹی پریا شرما کی قیادت میں تھانہ اربن اسٹیٹ کی پولیس ٹیم نے پیر کی دیر رات خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی۔ ہوٹل 999 سے 13 لڑکیاں اور 11 لڑکے ملے، جبکہ ہوٹل راج سے 9 لڑکیاں اور 8 لڑکے پائے گئے۔
پولیس کے مطابق کارروائی سے قبل ایک فرضی گاہک کو ہوٹل 999 بھیجا گیا تھا۔ اشارہ ملتے ہی پولیس ٹیم نے چھاپہ مار کر مینیجر کلدیپ کو قابو کر لیا، جو ہانسی ضلع کے کونت کلاں کا رہنے والا ہے۔ کمرہ نمبر 205 میں فرضی گاہک کے ساتھ ایک خاتون بھی ملی۔ خاتون کی میک اپ کٹ سے مبینہ طور پر قابلِ اعتراض سامان برآمد ہوا۔
اس کے بعد ہوٹل راج میں بھی فرضی گاہک کے اشارے پر چھاپہ مارا گیا اور مینیجر انکوش کو گرفتار کر لیا گیا، جو کیتھل کا رہنے والا ہے۔ کمرہ نمبر 112 میں فرضی گاہک کے ساتھ ایک خاتون ملی۔
پولیس نے دونوں ہوٹلوں سے برآمد ہونے والی مجموعی ایک ہزار روپے کی رقم اور قابلِ اعتراض سامان کو الگ الگ پیکٹوں میں سیل کرکے بطور ثبوت قبضے میں لے لیا۔ ابتدائی تفتیش میں پولیس نے بتایا کہ دونوں مینیجر مبینہ طور پر پیسے کمانے کے مقصد سے باہر سے خواتین کو بلا کر جسم فروشی کرواتے تھے۔ تھانہ اربن اسٹیٹ میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔