کرنٹ لگنے سے دو افراد کی موت، اہل خانہ نے اسکول گیٹ پر لاشیں رکھ کر احتجاج کیا

تاثیر 27 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کانپور، 27 ستمبر: ضلع کے راوت پور تھانہ علاقے میں ہفتہ کو کرنٹ لگنے سے دو افراد کی موت کے معاملے میں اتوار کو معاوضے کا مطالبہ کرتے ہوئے اہل خانہ نے اسکول کے گیٹ پر لاشیں رکھ کر احتجاج کیا۔ پولیس اور انتظامی افسران کی موجودگی میں اسکول انتظامیہ اور متاثرہ خاندانوں کے درمیان بات چیت کے بعد سمجھوتہ ہوگیا۔
حادثے کے بعد پولیس نے دونوں لاشوں کا پنچ نامہ بھر کر پوسٹ مارٹم کرایا تھا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد اہل خانہ لاشیں لے کر ڈبل پلیا واقع کانپور پبلک اسکول کے گیٹ پر پہنچے اور معاوضے کا مطالبہ کرنے لگے۔ ان کے ساتھ سو سے زیادہ افراد بھی موجود تھے۔
کئی گھنٹوں تک اسکول کے اندر انتظامیہ اور اہل خانہ کے درمیان بات چیت جاری رہی۔ طویل انتظار کے بعد اہل خانہ مشتعل ہوگئے اور اسکول کے باہر ہنگامہ کرنے کے ساتھ پولیس سے بھی الجھ پڑے۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے موقع پر بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کردی گئی۔