تاثیر 27 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 27 ستمبر:کانگریس نے 29 ستمبر کو دہلی میں دلت-آدیواسی سمان اجلاس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اجلاس میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کے اتراکھنڈ کے ہلدوانی دورے کے بعد پیش آنے والے مبینہ ’شدھی کرن‘ واقعے، درج فہرست ذاتوں (ایس سی) اور درج فہرست قبائل (ایس ٹی) سے تعلق رکھنے والی برادریوں کے خلاف ہونے والے مظالم اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے کانگریس ارکان پارلیمنٹ، سابق ارکان پارلیمنٹ، کانگریس کی حکومت والی ریاستوں کے وزرا، ارکان اسمبلی اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے نمائندے شرکت کریں گے۔
کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں تلنگانہ کے ناگرکرنول سے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملو روی نے بتایا کہ 29 ستمبر کو دوپہر 2:30 بجے سمودھان کلب کے ماولنکر ہال میں دلت-آدیواسی سمان اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ اجلاس کا بنیادی مقصد ہلدوانی میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی ریلی کے بعد پیش آنے والے مبینہ شدھی کرن کے واقعے پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف کھرگے کی نہیں بلکہ پوری درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کی برادری کی توہین تھی۔

