تاثیر29 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
فرید آباد، 29 ستمبر: فرید آباد کے باسیلوا اور کنوارا گاؤں سے متصل تیار کی جا رہی چار غیر قانونی کالونیوں کے خلاف منگل کے روز ٹاؤن اینڈ کنٹری پلاننگ محکمہ نے کارروائی کی۔ محکمہ کی ٹیم نے بھاری پولیس نفری کی موجودگی میں ان کالونیوں میں کیے گئے غیر قانونی تعمیراتی کاموں اور تیار کیے گئے سڑکوں کے نیٹ ورک کو بلڈوزر اور جے سی بی مشینوں کی مدد سے مسمار کر دیا۔
کارروائی کے دوران محکمہ نے پلاٹنگ کرنے والوں کو مستقبل میں قوانین کی خلاف ورزی نہ کرنے کی وارننگ بھی دی۔ محکمہ کے مطابق باسیلوا گاؤں کے ریونیو علاقے میں تقریباً 4 ایکڑ، 3 ایکڑ اور 3 ایکڑ رقبے پر تین الگ الگ غیر قانونی کالونیاں تیار کی جا رہی تھیں، جبکہ کنوارا گاؤں میں تقریباً 2 ایکڑ علاقے میں ایک غیر مجاز کالونی تیار کی جا رہی تھی۔
محکمہ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ان چاروں کالونیوں کے خلاف کارروائی کی۔ انہدامی مہم کے دوران 20 ڈی پی سی، 18 باؤنڈری وال اور 6 تعمیراتی ڈھانچے مسمار کیے گئے۔ اس کے علاوہ زیر تعمیر دو ورکشاپ کو بھی گرا دیا گیا۔ کالونیوں میں پلاٹ کاٹنے کے لیے تیار کیے گئے سڑکوں کے نیٹ ورک کو بھی بلڈوزر کی مدد سے اکھاڑ دیا گیا۔

