کولہان یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد میں طالبات کا غلبہ؛ 26 میں سے 15 گولڈ میڈل طالبات کے نام

تاثیر29 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

مغربی سنگھ بھوم، 29 ستمبر:: کولہان یونیورسٹی کی ساتویں تقسیم اسناد کی تقریب منگل کے روز یونیورسٹی کیمپس میں واقع آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ گورنر و چانسلر سنتوش کمار گنگوار نے تقریب کا افتتاح کیا۔ ان کی آمد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انجیلا گپتا نے گلدستہ پیش کر کے گورنر کا استقبال کیا۔ اس کے بعد کانووکیشن کی تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ تقریب کے دوران مختلف کورسز کے کل 224 طلبہ و طالبات کو اسناد سے نوازا گیا۔ ان میں 39 پی ایچ ڈی، 132 پوسٹ گریجویٹ، 17 پی جی میڈیکل ڈپلومہ اور 10 ایم ایڈ کی ڈگریاں شامل تھیں۔
کانووکیشن میں ایک بار پھر طالبات نے اپنی تعلیمی کامیابیوں کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا۔ کل 26 گولڈ میڈلز میں سے 15 طالبات اور 11 طلبہ نے حاصل کیے۔ ڈگریاں اور گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ کانووکیشن محض ڈگری حاصل کرنے کا موقع نہیں ہے، بلکہ یہ معاشرے اور قوم کے تئیں اپنے فرائض کو سمجھنے اور انہیں پورا کرنے کا عہد کرنے کا بھی موقع ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم اور علم کو معاشرے کی ترقی کے لیے استعمال کریں۔