ڈوڈہ کے منڈول پل کی تعمیر سے ہزاروں افراد کو قومی شاہراہ تک رسائی حاصل ہو گا

تاثیر30 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 30 ستمبر: ڈوڈہ ضلع کے سراج علاقے میں دریائے چناب پر دو سو میٹر طویل موٹر ایبل پل کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے، جس کی تکمیل سے تقریباً 80 ہزار افراد کو ہمہ موسمی رابطہ سہولت میسر آئے گی۔ حکام کے مطابق پل کا کام رواں سال کے اختتام تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔یہ پل سراج کے منڈول علاقے کو قومی شاہراہ 244 پر واقع ملہوری سے جوڑے گا۔ تقریباً سو فٹ کی بلندی پر تعمیر کیے جا رہے اس پل کی تکمیل سے ڈوڈہ-بٹوت شاہراہ تک سفر کا وقت تقریباً دو گھنٹے کم ہو جائے گا۔
روڈز اینڈ بلڈنگز محکمہ ڈوڈہ ڈویڑن کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر دنیش بھوشن نے بتایا کہ پل کی تعمیر نبارڈ کی معاونت سے رواں سال کے آغاز میں شروع کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کی منظوری سمیت مختلف رکاوٹوں کے باعث کام میں تاخیر ہوئی، تاہم اب تمام رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں اور تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔