تاثیر8 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سادہ لباس میں پولیس اہلکار اور مجسٹریٹ رہیں گے تعینات، پوجا پنڈالوں کی سی سی ٹی کیمروں سے ہو گی نگرانی سوشل میڈیا پر افواہ پھیلانے والوں پر ہوگی کاروائی
سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفٰی) سمری تھانہ احاطے میں جمعرات کو درگا پوجا کے پیش نظر امن کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں پولیس افسران، عوامی نمائندوں، پوجا کمیٹی کے ارکان اور مقامی معززین نے شرکت کی۔ تہوار کو پرامن اور خوشگوار ماحول میں منعقد کرانے کے سلسلے میں انتظامی تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا بی ڈی او وکرم بھاسکر نے کہا کہ درگا پوجا کے دوران تمام پوجا کمیٹیاں انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔ پوجا پنڈالوں میں حفاظتی انتظامات کے ساتھ عقیدت مندوں کی سہولت کا بھی خیال رکھا جائے۔ انہوں نے لوگوں سے باہمی بھائی چارہ اور سماجی ہم آہنگی برقرار رکھتے ہوئے پرامن انداز میں تہوار منانے کی اپیل کی۔سرکل افسر انکور رائے نے کہا کہ پوجا اور مورتی وسرجن کے دوران انتظامیہ کی جانب سے مقررہ ضابطوں کی پابندی لازمی ہوگی۔ حساس مقامات اور بھیڑ والے علاقوں پر انتظامیہ کی خصوصی نظر رہے گی۔ انہوں نے پوجا کمیٹیوں سے وسرجن کے لیے مقررہ راستے اور وقت کی پابندی کرنے اور کسی بھی مسئلے کی صورت میں فوری طور پر انتظامیہ کو اطلاع دینے کی اپیل کی۔صدر ایس ڈی پی او-2 کمتول ایس کے سمن نے کہا کہ درگا پوجا کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس و انتظامیہ پوری طرح چوکس رہے گی۔ مختلف مقامات پر سادہ لباس میں پولیس اہلکاروں اور مجسٹریٹ کو تعینات کرکے سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے گی۔ پوجا پنڈالوں، بھیڑ والے مقامات اور اہم چوک چوراہوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھی نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بھی پولیس کی خصوصی نظر رہے گی۔ پوجا کے دوران افواہ، گمراہ کن یا قابل اعتراض پوسٹ کے ذریعے ماحول خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ لوگوں سے اپیل کی گئی کہ سوشل میڈیا پر کسی بھی غیر مصدقہ اطلاع کو شیئر نہ کریں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ایس ڈی پی او نے کہا کہ مقررہ معیار سے زیادہ آواز میں ساؤنڈ سسٹم بجانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ڈی جے اور تیز آواز میں صوتی آلات بجانے پر بھی نظر رکھی جائے گی۔ ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ پوجا کمیٹیوں کو پنڈالوں میں ضروری حفاظتی انتظامات رکھنے اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔میٹنگ میں پوجا کمیٹیوں اور مقامی لوگوں سے باہمی بھائی چارہ اور ہم آہنگی برقرار رکھتے ہوئے پرامن طریقے سے تہوار منانے کی اپیل کی گئی۔ افسران نے واضح کیا کہ تہوار کے دوران کسی بھی قسم کی افواہ یا سماج دشمن سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر تھانہ صدر اروند کمار، ایڈیشنل تھانہ صدر و چائلڈ ویلفیئر افسر ششی شنکر کمار، سب انسپکٹر رویندر بھارتی، منوج شرما، پوجا رانی، مکھیا منوج کمار سنگھ، دنیش مہتو، سرپنچ سرفراز، اشوک پاسوان، سابق مکھیا لطیف الرحمن، بھولا پاسوان، مکھیا نمائندہ رام بابو ساہ، ستو ٹھاکر، سمن جی، سنیل مہتو، گوپال سنہا، بھاسکر کمار سمیت دیگر معززین موجود تھے

