تاثیر8 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 08 اکتوبر: ملک بھر میں انڈیا بلاک کی جانب سے جاری احتجاجی مہم کے سلسلے میں ڈوڈہ میں بھی کانگریس، نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے کارکنوں اور رہنماؤں نے احتجاج کیا۔ تینوں جماعتوں کے کارکن فوارہ چوک میں جمع ہوئے اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔احتجاج کی قیادت سابق ایم ایل اے اشوک کمار سمیت دیگر رہنماؤں نے کی۔ اس موقع پر مقررین نے الزام عائد کیا کہ 2024 کے پارلیمانی انتخابات اور اس کے بعد ہونے والے انتخابات میں ووٹوں اور انتخابی عمل میں بے ضابطگیاں کی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن گزشتہ کئی برسوں سے انتخابی عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں اور ووٹر لسٹوں سے متعلق خدشات اٹھاتی رہی ہے، تاہم اب ’ووٹ چوری‘ کا معاملہ ملک گیر سطح پر ایک بڑا سیاسی مسئلہ بن چکا ہے۔رہنماؤں نے کہا کہ جمہوری نظام میں عوام کے پاس حکومت تبدیل کرنے کی سب سے بڑی طاقت ان کا ووٹ ہے، لیکن موجودہ حکومت پر الزام ہے کہ انتخابی عمل کے ذریعے عوام کے اسی حق کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر جانبدارانہ انداز میں کام کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے استعفے کا مطالبہ کیا۔

