درگا پوجا میں ڈی جے بجانے پر رہے گی مکمل پابندی: ایس ڈی پی او

تاثیر9 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پوجا پنڈالوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی ہدایت، افواہ پھیلانے والوں کے خلاف ہوگی کارروائی
سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفٰی) آئندہ درگا پوجا کو پُرامن اور خوشگوار ماحول میں منعقد کرنے کے مقصد سے جمعہ کے روز سنگھواڑہ تھانہ احاطے میں امن کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ کی صدارت صدر-2 کمتول کے ایس ڈی پی او شوبھندر کمار نے کی۔ میٹنگ میں پولیس اور انتظامیہ کے افسران کے علاوہ عوامی نمائندوں، پوجا کمیٹی کے اراکین اور معززین نے شرکت کی۔ اس دوران امن و امان، سکیورٹی، بھیڑ پر قابو پانے، ٹریفک نظام اور باہمی بھائی چارہ برقرار رکھنے کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیامیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی پی او شوبھندر کمار نے واضح طور پر کہا کہ درگا پوجا کے دوران ڈی جے بجانے پر مکمل پابندی رہے گی۔ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے تمام پوجا کمیٹیوں کو اپنے اپنے پنڈالوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی ہدایت دی۔ ایس ڈی پی او نے کہا کہ پوجا کے دوران عقیدت مندوں کی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے سکیورٹی انتظامات میں کسی بھی طرح کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پوجا پنڈالوں کے اوپر سے گزرنے والے بجلی کے تاروں کی جانچ کرانے اور حفاظتی اصولوں پر عمل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ سنگھواڑہ تھانہ انچارج بسنت کمار نے کہا کہ درگا پوجا اور میلے کے دوران ٹریفک جام کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے پولیس پوری طرح چوکس رہے گی۔ بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر ٹریفک نظام کو بہتر رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے پوجا کمیٹیوں اور مقامی لوگوں سے انتظامیہ کو تعاون دینے کی اپیل کی۔مورتی وسرجن کے سلسلے میں افسران نے واضح کیا کہ جلوس مقررہ راستے سے ہی نکالا جائے گا۔ وسرجن کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پوجا کمیٹیوں کو انتظامیہ کے ساتھ تال میل قائم رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ پولیس سب انسپکٹر رامیشور صافی نے تمام مذاہب کے لوگوں سے باہمی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے ساتھ تہوار منانے کی اپیل کی۔ وہیں، تھانہ انچارج بسنت کمار نے سوشل میڈیا پر افواہیں اور گمراہ کن خبریں پھیلانے سے گریز کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سوشل میڈیا پر نظر رکھے گی اور ماحول خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔بی ڈی او وکرم بھاسکر نے امن، ہم آہنگی اور باہمی تال میل برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے پوجا کمیٹیوں اور مقامی لوگوں سے انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی اس موقع پر سب انسپکٹر کملیش مشرا، دلیپ کمار، نولیش کمار، نیلیش کمار، تمام چوکیدار، سابق سرپنچ نند کشور ساہ، نائب پرمکھ ساجد مظفر عرف ببلو، سابق مکھیا احمد علی تمنا، بیس نکاتی پروگرام کے صدر بھولا رائے، صرافہ تاجر شنبھو ٹھاکر، مکھیا پپو چودھری، کامریڈ انیل مہاراج، چیف کونسلر سنیل بھارتی، سرپنچ نمائندہ محمد عمران، اکھلیش یادو، اظہار عالم منا، اویناش سہنی، کامریڈ سدھیر کانت مشرا اور مکھیا رمیش بھگت سمیت دیگر معززین موجود تھے۔ تمام لوگوں نے درگا پوجا کو پُرامن طریقے سے مکمل کرانے میں انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون دینے کی یقین دہانی کرائی