نانا پاٹیکر کی سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا، پولیس نے سلامی دی

تاثیر9 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پونے، 9 اکتوبر:ہندی اورمراٹھی فلموں کے معروف اداکارنانا پاٹیکرکی آخری رسومات جمعہ کو پونے کے قریب ڈونجے میں واقع ان کے فارم ہاؤس پرسرکاری اعزازکے ساتھ ادا کی گئیں۔ اس موقع پرپولیس دستے نے انہیں سلامی پیش کی، جبکہ سیاسی، سماجی اور فلمی دنیا کی متعدد شخصیات نے خراج عقیدت پیش کیا۔ نانا پاٹیکر کے آخری دیدار کے لیے ڈونجے میں بڑی تعداد میں مداح اور شہری جمع ہوئے۔ اپنے پسندیدہ اداکار کو آخری وداع کہنے کے دوران کئی افراد جذباتی ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق نانا پاٹیکرکوگوا کے ڈونا پاؤلا علاقے میں واقع ان کی رہائش گاہ پر اچانک دل کا دورہ پڑا تھا۔ طبیعت خراب ہونے پرانہیں منی پال اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے تقریباً 45 منٹ تک سی پی آر دے کر ان کی جان بچانے کی کوشش کی، لیکن علاج کے دوران ان کا انتقال ہوگیا۔ بعد میں ان کی لاش کو ہوائی جہاز کے ذریعے گوا سے پونے لائی گئی۔ پونے ہوائی اڈے سے جسدخاکی کوڈونجے کے فارم ہاؤس منتقل کیا گیا، جہاں آخری دیدار کے لیے بڑی تعداد میں لوگ پہنچے۔ پولیس دستے نے سرکاری اعزاز کے تحت سلامی پیش کی اورآخری رسومات ادا کی گئیں۔
مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے پونے ہوائی اڈے اور ڈونجے میں نانا پاٹیکر کا آخری دیدارکیا اور ان کے اہل خانہ کو تسلی دی۔ نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اورسنیترا پوار، وزیر چندرکانت پاٹل، مرکزی وزیرمملکت مرلی دھرموہول، رام داس اٹھاولے، سنیل تٹکرے، مادھوری مسال، رکن اسمبلی گوپی چند پڑلکر، ارجن کھوتکر، روپالی چاکنکر، سدا بھاؤ کھوت اورادے سامنت سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ فلمی دنیا سے اداکار مکرند اناسپُرے، ناگراج منجلے، نینا کلکرنی، پروین ترڈے، سریش واڈکر، پرشوتم بیرڈے، سشانت شیلار اور مصنف اروند جگتاپ کے علاوہ نام فاؤنڈیشن کے نمائندے بھی موجود تھے۔نانا پاٹیکر کا اصل نام وشوناتھ پاٹیکرتھا۔ فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے انہوں نے کافی جدوجہد کی۔ 1978 میں فلم گمن سے ان کے فلمی سفرکا آغازہوا۔ اس کے بعد انہوں نے ہندی اورمراٹھی سنیما میں مختلف نوعیت کے کردار ادا کرکے اپنی الگ شناخت قائم کی۔ 1989 میں ریلیز ہونے والی فلم پرندہ ان کے کیریئر کا اہم موڑ ثابت ہوئی۔ اس فلم میں بہترین معاون اداکار کے کردار پر انہیں قومی فلم ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کے بعد انگار، ترنگا، کرانتی ویر، اگنی ساکشی، خاموشی دی میوزیکل، اب تک چھپن اور اپہرن جیسی فلموں میں انہوں نے اپنی اداکاری سے ناظرین اور ناقدین کی توجہ حاصل کی۔