جنتر منتر پر احتجاج کی اجازت کا معاملہ، یوتھ کانگریس کی عرضی پر فوری سماعت سے ہائی کورٹ کا انکار

تاثیر9 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 9 اکتوبر: دہلی ہائی کورٹ نے جنتر منتر پرچیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف احتجاج کی اجازت نہ دینے کے دہلی پولیس کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی یوتھ کانگریس کی عرضی پر فوری سماعت کرنے سے انکار کردیا ہے۔ جمعہ کو یوتھ کانگریس کے وکیل نے چیف جسٹس نتن واسودیو سامبرے کی سربراہی والی بنچ کے سامنے معاملہ پیش کرتے ہوئے اسی دن سماعت کی درخواست کی، لیکن عدالت نے اسے منظور نہیں کیا اور 12 اکتوبر کو سماعت کرنے کا حکم دیا۔یہ عرضی یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چِب نے دائر کی ہے۔ انہوں نے دہلی پولیس کے یکم اکتوبر کے اس حکم کو چیلنج کیا ہے، جس کے تحت احتجاج کی اجازت دینے کی درخواست مسترد کردی گئی تھی۔عرضی میں کہا گیا ہے کہ یوتھ کانگریس نے 25 ستمبر کو تقریباً 100 سے 150 افراد کے ساتھ پُرامن احتجاج کرنے کی اجازت مانگی تھی۔ تنظیم نے پولیس کو دی گئی درخواست میں یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ سکیورٹی، ٹریفک انتظام، نظم و ضبط اور عوامی امن برقرار رکھنے سے متعلق تمام قانونی شرائط پر عمل کرے گی۔عرضی کے مطابق، بار بار رابطہ کرنے کے باوجود دہلی پولیس نے یکم اکتوبر کو اجازت نہ دینے کے فیصلے سے آگاہ کیا، حالانکہ احتجاج کے لیے یہ پہلی مجوزہ تاریخ بھی تھی۔