سریو ندی میں نہاتے ہوئے دو نوجوان غرقاب، ایک کو بچایا گیا، دوسرے کی موت

تاثیر11 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ایودھیا، 11 اکتوبر:اتر پردیش کے ضلع ایودھیا میں کینٹ تھانہ علاقے کے گپتار گھاٹ پر اتوار کو سریو ندی میں نہانے کے دوران دو نوجوان گہرے پانی میں ڈوب گئے۔ پولیس اور مقامی غوطہ خوروں نے ایک نوجوان کو بحفاظت بچا لیا، جبکہ دوسرے کی ڈوبنے سے موت ہوگئی۔ اس کی لاش جائے وقوع سے برآمد کرلی گئی۔
پولیس کے مطابق، گڈّوپور کے اہیرن پوروا کے رہنے والے سنتوش یادو (22) اور کنال یادو (18) اتوار کی صبح چہل قدمی کے لیے گھر سے نکلے تھے۔ اس کے بعد دونوں گپتار گھاٹ پہنچے اور سریو ندی میں نہانے لگے۔ اسی دوران وہ گہرے پانی میں چلے گئے اور ڈوبنے لگے۔دونوں نوجوانوں کو ڈوبتا دیکھ کر گھاٹ پر موجود لوگوں نے شور مچایا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی غوطہ خوروں اور پولیس نے بچاؤ مہم شروع کی اور کنال کو بحفاظت پانی سے باہر نکال لیا، تاہم سنتوش کی جان نہیں بچائی جاسکی۔کینٹ تھانہ انچارج سندیپ سنگھ نے بتایا کہ سنتوش کی لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ دوسرے نوجوان کنال کی حالت معمول کے مطابق ہے اور اسے اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔ابتدائی معلومات کے مطابق، یہ حادثہ گہرے پانی میں چلے جانے کی وجہ سے پیش آیا۔