تاثیر17 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ: پھلواری شریف نگر پریشد علاقے کے وارڈ نمبر 25 میں ہفتہ کے روز سماجی کارکن جہاں آرا وارثی کی جانب سے مفت آنکھوں کی جانچ کے کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں تقریباً 100 افراد کی آنکھوں کی جانچ کی گئی۔ اس دوران آنکھوں سے متعلق مختلف مسائل سے پریشان مریضوں کی جانچ کرکے انہیں ضروری طبی مشورے دیے گئے۔
کیمپ میں جانچ کے دوران موتیا بند سے متاثرہ ضرورت مند مریضوں کو مفت آپریشن کرانے کا مشورہ دیا گیا۔ اس کیمپ کا بنیادی مقصد ضرورت مند افراد کو بہتر چشم طبی سہولیات فراہم کرنا اور انہیں آنکھوں کی بیماریوں کے تئیں بیدار کرنا تھا۔اس موقع پر اے ایس جی ہاسپٹل کے زونل منیجر ڈاکٹر عبدالرحمن مدنی نے بتایا کہ ان کے ہاسپٹل میں آنکھوں سے متعلق تمام قسم کی بیماریوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آیوشمان کارڈ رکھنے والے مریضوں کو ہاسپٹل میں خصوصی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، تاکہ ضرورت مند مریض بہتر طبی خدمات سے فائدہ اٹھا سکیں۔
کیمپ میں ڈاکٹر توقیر اور ٹیکنیشین امرجیت بھی موجود تھے۔ مقامی لوگوں نے کیمپ میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور مفت آنکھوں کی جانچ کی سہولت سے فائدہ اٹھایا۔ لوگوں نے اس پہل کی ستائش کرتے ہوئے اسے ضرورت مندوں کے لیے ایک مفید اور قابلِ تعریف قدم قرار دیا۔

