تاثیر21 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بہار شریف(محمد دانش)نالندہ ضلع میں درگا پوجا کا تہوار پُرامن اور خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہونے پر شہر بہار شریف کے دانشوران اور سماجی شخصیات نے ضلع انتظامیہ اور پولیس انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی مستعدی، بہتر حکمت عملی اور سخت حفاظتی انتظامات کی بدولت پورے ضلع میں تہوار کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رہی۔دانشوران نے کہا کہ درگا پوجا کے موقع پر ضلع کے مختلف علاقوں میں پولیس اہلکاروں کی مسلسل گشت جاری رہی۔ تمام اہم چوک چوراہوں اور حساس مقامات پر پولیس کی تعیناتی کی گئی تھی، جبکہ اعلیٰ افسران مسلسل پوجا پنڈالوں کا دورہ کرکے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیتے رہے۔ اس کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مختلف علاقوں کی نگرانی کی جا رہی تھی اور سماج دشمن عناصر پر پولیس کی کڑی نظر بنی ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے ان مؤثر انتظامات کے باعث درگا پوجا کا تہوار پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔ ایسے موقع پر انتظامیہ کی ذمہ داری اور مستعدی قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی طرح باہمی تعاون، بھائی چارے اور امن و امان کے ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ سرگرم رہے گی۔ضلع انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرنے والوں میں ماسٹر نظام الدین، برائٹ کیریئر جون اسکول کے ڈائریکٹر حافظ انجینئر شاہد انظم، نارتھ پوائنٹ اسکول کے ڈائریکٹر انجینئر سیف احمد انصاری، چیف کلاتھ کے محفوظ عالم، نالندہ انٹرنیشنل اکیڈمی کے ڈائریکٹر دانشور عالم،سماجی رہنما سید الحق نظامی ، سماجی رہنما محمد ارشد،حاجی ایاز احمدسمیت دیگر شخصیات شامل ہیں۔

