تاثیر24 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس کے ضلع کلکٹر شری دیپک کمار مشرا کی صدارت میں سڑک حادثات میں زخمی ہونے والوں کو فوری اور بہتر طبی امداد فراہم کرنے اور متعلقہ اسکیموں کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کیلئے ایک میٹنگ منعقد ہوئی جسمیں سڑک حادثہ کے متاثرین کیلئے کیش لیس ٹریٹمنٹ اسکیم پر تبادلہ خیال کیا گیا اور حادثے کی تاریخ سے سات دنوں کی مدت کے لئے زیادہ سے زیادہ 1.5 لاکھ روپئے تک کا علاج فراہم کیا جاتا ہے ۔ پردھان منتری راحت یوجنا اور آیوشمان بھارت-پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کے تحت اہل استفادہ کنندگان کو علاج فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا ۔ ضلع کلکٹر نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس اسکیم کے تحت درج نجی اور سرکاری اسپتالوں کے درمیان ضروری تال میل کو یقینی بنائیں تاکہ سڑک حادثہ کے متاثرین کا بلا تاخیر علاج کیا جاسکے ۔ انہوں نے اہل استفادہ کنندگان کو کیش لیس علاج اور دیگر متعلقہ صحت اسکیموں کے فوائد حاصل کرنے اور اسکیموں کے بارے میں عوامی بیداری بڑھانے کی بھی ہدایت کی ۔ میٹنگ میں حادثے کے متاثرین کی ہسپتالوں میں بروقت آمدورفت، فوری علاج اور درج ہسپتالوں میں اسکیم کی دفعات کے مطابق طبی امداد کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ مالی مشکلات کسی بھی اہل حادثے کے شکار کے علاج میں رکاوٹ نہیں بننی چاہئیں ۔ روہتاس ضلعی انتظامیہ لوگوں کو قابل رسائی، فوری اور معیاری صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے کہ سرکاری صحت کی اسکیموں کے فوائد اہل مستفید افراد تک پہنچیں ۔

