تاثیر24 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
رانچی، 24 اکتوبر: جھارکھنڈ بی جے پی کی دو روزہ ریاستی مجلسِ عاملہ کی میٹنگ میں شرکت کے لیے ہفتہ کو پارٹی کے قومی صدر نتن نوین رانچی پہنچے۔ رنگ روڈ پر واقع حویلی بینکوئٹ ہال میں ان کی آمد پر پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور کارکنوں نے روایتی انداز میں ان کا استقبال کیا۔ اس دوران قومی صدر نے خود ماندَر بجا کر قبائلی فن کاروں کا حوصلہ بڑھایا۔
میٹنگ کے مقام کے مرکزی دروازے پر روایتی لباس میں ملبوس قبائلی فن کار ڈھول، نگاڑوں اور ماندَر کی تھاپ پر رقص کررہے تھے۔ فن کاروں کی پیش کش دیکھ کر نتن نوین نے بھی اپنے گلے میں ماندَر لٹکایا اور اسے بجانے لگے۔ اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ بابولال مرانڈی، ریاستی صدر آدتیہ ساہو، رانچی کے رکن اسمبلی سی پی سنگھ اور ہاٹیا کے رکن اسمبلی نوین جیسوال سمیت کئی سینئر رہنما موجود تھے۔
میٹنگ میں شرکت کے لیے پہنچنے والے ریاستی صدر آدتیہ ساہو، سابق وزیر اعلیٰ بابولال مرانڈی، ریاستی جنرل سکریٹری امر باؤری اور دیگر عہدیداروں کا بھی روایتی انداز میں استقبال کیا گیا۔ مہیلا مورچہ کی کارکنوں نے مرکزی دروازے پر رہنماؤں کے ماتھے پر صندل کا تلک لگایا، پھولوں کی بارش کی اور آرتی اتاری۔ اس کے علاوہ تمام رہنماؤں کو ’جوہار‘ لکھے ہوئے روایتی گمچھے پہنائے گئے۔
طے شدہ پروگرام کے مطابق قومی صدر نتن نوین سب سے پہلے تمام ضلعی صدور اور ضلعی انچارجوں کے ساتھ میٹنگ کررہے ہیں۔ اس کے بعد ریاستی مجلسِ عاملہ کی اہم میٹنگ شروع ہوگی۔ اس میٹنگ میں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیے جانے کا امکان ہے۔

