تاثیر25 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس پولس نے ضلع روہتاس کے مختلف تھانہ علاقوں میں قتل کے سلسلے میں دو نابالغوں کے ساتھ 11 مجرموں کو گرفتار کیا ہے ۔ اس سلسلے میں پولس سپرنٹنڈنٹ مسٹر راج نے سہسرام ٹاؤن پولس اسٹیشن میں پریس کانفرنس کر ہوئے بتایا کہ پہلا واقعہ سہسرام مفصل تھانہ علاقہ میں پیش آیا جہاں 7 ستمبر کو بدا علاقہ میں ایک خاتون کے ساتھ دو افراد کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا ۔ اس قتل میں ملوث بنرسیا کے رہنے والے کرن کمار، شکتی کمار اور ابھیشیک کمار کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ تھانہ علاقہ کے چاندی گاؤں کے رہنے والے پریانشو کمار، راگنی کماری اور ناصری گنج تھانہ علاقہ کے اگنی گاؤں کے رہنے والے ستیش کمار کو 9 اکتوبر کو کچھوا میں ایک طالب علم کے قتل میں ملوث دو نابالغوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے ۔ اسی طرح کرگہر پولس اسٹیشن کے تحت ڈومرا گاؤں میں 19 اکتوبر کو جناردن تیواری کے قتل میں ملوث ڈومرا گاؤں کے رہنے والے اوم پرکاش شرما، شمبھو شرما اور گڈو شرما کو گرفتار کر جیل بھیج دیا گیا ہے ۔ اسے روہتاس پولس کے لئے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے جہاں قتل کا معاملہ حل کر کے اصل قاتلوں کو سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا گیا ہے ۔ پولس سپرنٹنڈنٹ مسٹر راج نے اس بات پر زور دیا ہے کہ کوئی بھی مجرم خواہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو اب پولس کی توجہ سے بچ نہیں سکیگا ۔

