سہرسہ میں زمین کے تنازع پر 72 سالہ کسان کی پٹائی، سر میں چوٹ، کان سے نکلا خون

تاثیر28 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بیٹے نے رشتہ داروں پر آبائی زمین ہڑپنے اور رنگداری مانگنے کا لگایا الزام، مارپیٹ کا ویڈیو وائرل
سہرسہ(سالک کوثر امام) سہرسہ میں زمین کے تنازع کو لے کر ایک 72 سالہ بزرگ کسان کے ساتھ مارپیٹ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس واقعے میں کسان اوم پرکاش سنگھ کے سر پر چوٹ لگی ہے، جبکہ ان کے کان سے خون نکلنے لگا۔ زخمی حالت میں انہیں سہرسہ صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ بزرگ کے ساتھ مارپیٹ کا ویڈیو منگل کی رات سامنے آنے کے بعد معاملہ سرخیوں میں آگیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، اوم پرکاش سنگھ بلواہاٹ تھانہ حلقہ کے جمنیا، وارڈ نمبر 4 کے رہنے والے ہیں۔ ان کے بیٹے ریتوراج نے بتایا کہ منگل کی صبح ان کے والد رام پور واقع اپنی سسرال گئے تھے۔ وہاں وہ گھر کے سامنے موجود خالی زمین پر گوبھی کی کاشت کر رہے تھے۔ اسی دوران ان کے چچیرے سالے نے مبینہ طور پر ان کے ساتھ مارپیٹ شروع کر دی۔
ریتوراج کا الزام ہے کہ ان کے چچیرے بھائی آبائی زمین پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے رنگداری بھی مانگ رہے ہیں۔ ان کے مطابق، مارپیٹ کے دوران کئی افراد نے ان کے والد کو نشانہ بنایا۔ واقعے کا ویڈیو بھی سامنے آیا ہے، جس میں متعدد افراد کو اوم پرکاش سنگھ کے ساتھ مارپیٹ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
زخمی کسان کے بیٹے نے مزید بتایا کہ ان کے والد کی ایک گردہ پہلے سے نہیں ہے۔ مارپیٹ کے دوران ان کے جسم کے اس حصے میں بھی چوٹ پہنچی ہے، جہاں گردہ کے آپریشن کیلیے چیرا لگایا گیا تھا۔واضح رہے کہ زخمی پہلے سے ہی گردے کے مریض ہیں، ان کا ایک گردہ نہیں ہے۔
اس معاملے میں بلواہاٹ تھانہ کے تھانہ انچارج راجو کمار نے بتایا کہ واقعہ ان کے علم میں آیا ہے۔ پولیس معاملے کی جانچ کرے گی۔ فی الحال پولیس کی جانچ کے بعد ہی مارپیٹ کے پورے معاملے اور الزامات کی حقیقت واضح ہو سکے گی۔