تاثیر28 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 28 اکتوبر (تاثیر بیورو) ویدانتا گروپ کے بانی و چیئرمین انیل اگروال نے کہا کہ ہندوستان کو درآمدات پر انحصار کم کرنے اور عالمی مینوفیکچرنگ مرکز بننے کے لیے معدنی وسائل کی تلاش میں تیزی لانے، گھریلو صنعتوں کو مضبوط بنانے اور کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ کولکاتا میں انڈین چیمبر آف کامرس (آئی سی سی) کے زیر اہتمام منعقدہ ایک مذاکرے سے خطاب کر رہے تھے۔
انیل اگروال نے کہا کہ ہندوستان کے پاس وافر قدرتی وسائل موجود ہیں، جنہیں استعمال کرکے ملک میں ہی اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار کی جا سکتی ہیں۔ کان کنی کے ساتھ اس سے وابستہ ذیلی صنعتوں کو فروغ دینے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، سرمایہ کاری بڑھے گی اور ملک خود کفالت کی جانب آگے بڑھے گا۔
انہوں نے بنگال کی صنعتی اور کاروباری تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کولکاتا میں صنعت و تجارت کے فروغ کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ مثبت سوچ، اجتماعی کوششوں اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے ذریعے ریاست اپنی صنعتی شناخت کو دوبارہ مستحکم کر سکتی ہے۔
آئی سی سی کے صدر پرتھیو نیوٹیا کی میزبانی میں ہونے والے اس مذاکرے میں انل اگروال نے کاروباری کامیابی کے لیے مستقل مزاجی، جدت اور دوراندیشی کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے شفافیت، بہتر کارپوریٹ نظم و نسق اور حصص یافتگان کے مفادات کے تحفظ پر بھی زور دیا۔
انہوں نے سماجی ترقی میں صنعت کاروں کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے اپنی دولت کا 75 فیصد حصہ فلاحی کاموں کے لیے وقف کرنے کے عزم اور 15 ہزار آنگن واڑی مراکز کی مدد کرنے والے ’’نند گھر‘‘ جیسے اقدامات کا ذکر کیا۔ مقررین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صنعتی ترقی اور سماجی فلاح کو ساتھ لے کر چلنا ملک کی معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے۔

