تاثیر28 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جے پور، 28 اکتوبر: آل انڈیا مہیلا کانگریس کی قومی صدر الکا لامبا نے راجستھان میں ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے دوران بڑی تعداد میں ووٹروں کے نام خارج ہونے پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ اہل ووٹروں کے حق رائے دہی کا تحفظ کیا جائے، تصدیق کے عمل کو شفاف بنایا جائے اور شکایات کا غیر جانبدارانہ طریقے سے ازالہ کیا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے یکم نومبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں ہونے والی کانگریس کی مہا ریلی ’چلو دہلی—ووٹ چور، گدی چھوڑ‘ میں شرکت کی اپیل کی۔
بدھ کو جے پور میں الکا لامبا نے انتخابی محکمہ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 27 اکتوبر 2025 کو راجستھان میں 5,46,56,215 ووٹر درج تھے، جبکہ 16 دسمبر 2025 کو جاری ابتدائی فہرست میں 5,04,71,324 نام شامل تھے۔ اس طرح ابتدائی فہرست سے 41,84,891 نام باہر رہ گئے۔ ان میں تقریباً 8.75 لاکھ ایسے ووٹر شامل تھے جنہیں مردہ قرار دیا گیا، 29.6 لاکھ ووٹر منتقل یا غیر حاضر بتائے گئے، جبکہ 3.44 لاکھ نام ایک سے زیادہ مقامات پر درج ہونے کے زمرے میں رکھے گئے۔لامبا نے کہا کہ کسی ووٹر کا دوسرے مقام پر منتقل ہونا یا غیر حاضر ہونا خود بخود اسے ووٹ دینے کے حق سے محروم کرنے کی وجہ نہیں بن سکتا۔ اہل شہریوں کو اپنا موقف پیش کرنے، نام دوبارہ درج کرانے اور اپیل کرنے کا پورا موقع ملنا چاہیے۔

