تاثیر29 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
وِنود ٹریڈرس کے گودام سے 4,447.8 لیٹر غیر ملکی شراب ضبط، آٹھ گرفتار؛ مبینہ سرغنہ اُدے شرما کی تلاش میں چھاپہ ماری تیز
مبینہ سرغنہ کے خلاف سی سی اے لگانے کی تجویز، بغیر نمبر پلیٹ کا ٹریکٹر اور گلیمر موٹر سائیکل بھی ضبط
سیتامڑھی (مظفر عالم)
بہار میں مکمل شراب بندی کے باوجود شراب کی غیر قانونی تجارت کا نیٹ ورک مسلسل پولیس کے نشانے پر ہے۔ اسی سلسلے میں سیتامڑھی ضلع کے نانپور تھانہ حلقے میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پنڈول بزرگ وارڈ نمبر ایک واقع بالو اور سیمنٹ کے تاجر وِنود ٹریڈرس کے گودام سے 4,447.8 لیٹر غیر ملکی شراب برآمد کی ہے۔ پولیس نے موقع سے بغیر نمبر پلیٹ کا ایک لال رنگ کا مہندرا ٹریکٹر اور ایک گلیمر موٹر سائیکل بھی ضبط کی ہے، جبکہ اس معاملے میں آٹھ ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ وہیں، اس معاملے کے مبینہ سرغنہ اُدے شرما کی گرفتاری کے لیے پولیس مسلسل چھاپہ ماری کر رہی ہے۔ اس کارروائی کی اطلاع پُوپری کی ایڈیشنل ایس پی سنیتا کماری نے نانپور تھانہ احاطے میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران دی۔ انہوں نے بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر گزشتہ شب پولیس ٹیم نے پنڈول بزرگ گاؤں کے وارڈ نمبر ایک میں واقع وِنود ٹریڈرس کے گودام پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران گودام سے تقریباً 500 کارٹن میں رکھی گئی 4,447.8 لیٹر غیر ملکی شراب برآمد ہوئی۔ ضبط شدہ شراب کو تھانے لایا گیا ہے۔

