تاثیر29 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
چنڈی گڑھ، 29 اکتوبر: پنجاب بی جے پی کے سابق ریاستی صدر سنیل جاکھڑ نے ریاست میں بگڑتی ہوئی امن و قانون کی صورتِ حال پر وزیر اعلیٰ بھگونت مان کی قیادت والی عام آدمی پارٹی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ جاکھڑ نے پنجاب کے گورنر کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن سے ریاست میں قبل از وقت مثالی ضابطہ اخلاق نافذ کرنے کی سفارش کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں آزادانہ، منصفانہ اور پْرامن انتخابات کا انعقاد ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے۔
اپنے خط میں جاکھڑ نے ابوہر میں منعقد ہونے والی سالانہ انسدادِ منشیات میراتھن کو انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ دیے جانے کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے اپنے تحریری حکم میں امن و قانون کی صورتِ حال کو غیر موزوں قرار دیا ہے۔ جاکھڑ نے کہا کہ وہ حکومت کی پالیسیوں کے مخالف ہیں، لیکن یہ پہلی مرتبہ ہے کہ حکومت نے خود تسلیم کیا ہے کہ ریاست میں امن و قانون کی صورتِ حال تشویش ناک ہے۔

