ماروتی سوزوکی انڈیا کی الیکٹرک گاڑیوں کی برآمدات 50 ہزار یونٹ سے تجاوز کر گئیں

تاثیر29 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 29 اکتوبر: ملک کی سب سے بڑی کار ساز کمپنی ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹڈ (ایم ایس آئی ایل) کی اگست 2025 سے اکتوبر 2026 کے دوران الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کی برآمدات کا اعداد و شمار 50 ہزار یونٹ سے تجاوز کر گیا ہے۔ کمپنی نے اگست 2025 میں عالمی منڈیوں میں الیکٹرک گاڑیوں کی سپلائی شروع کی تھی۔
کمپنی نے جمعرات کو جاری ایک بیان میں بتایا کہ اپریل سے ستمبر 2026 کے دوران ہندوستان سے برآمد کی جانے والی مجموعی الیکٹرک مسافر گاڑیوں میں اس کی حصہ داری تقریباً 93 فیصد رہی۔ ماروتی سوزوکی کے مطابق، ای وِٹارا کی تیاری اگست 2025 میں گجرات کے ہنسل پور پلانٹ میں شروع ہوئی تھی۔ اس گاڑی کو دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں فروخت کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) ہشاشی تاکیوچی نے کہا، ’’آج ماروتی سوزوکی تقریباً 50 ممالک میں الیکٹرک گاڑیاں برآمد کر رہی ہے، جن میں یورپ اس کی سب سے بڑی منڈی ہے۔ اپریل سے ستمبر 2026 کے دوران ہندوستان کی الیکٹرک مسافر گاڑیوں کی برآمدات میں کمپنی کی حصہ داری تقریباً 93 فیصد رہی۔‘‘
کمپنی نے بتایا کہ ہنسل پور پلانٹ سوزوکی کی پہلی عالمی بیٹری الیکٹرک گاڑی کی تیاری کا واحد مرکز ہے۔ ماروتی سوزوکی نے حال ہی میں اس پلانٹ کی سالانہ پیداواری صلاحیت بڑھا کر 10 لاکھ گاڑیاں کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ ایک ہی مقام پر اتنی پیداواری صلاحیت حاصل کرنے والا سوزوکی کا دنیا کا پہلا مینوفیکچرنگ پلانٹ بن گیا ہے۔