تاثیر2 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفٰی) سنگھواڑہ تھانہ حلقہ میں جرائم کی منصوبہ بندی کر رہے پانچ نوجوانوں کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ ان کے قبضے سے ایک دیسی کٹہ، میگزین سمیت ایک پستول، دو زندہ کارتوس، چار موبائل اور دو موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہیں۔ وہیں اس معاملے میں دو دیگر ملزمین فرار بتائے جا رہے ہیں۔ ایس ڈی پی او صدر 2 کمتول شوبھندر کمار سمن نے پیر کو سنگھواڑہ تھانہ احاطے میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ تھانہ انچارج بسنت کمار پولیس فورس کے ساتھ خصوصی گشت پر تھے۔ اسی دوران خفیہ اطلاع ملی کہ کٹکا سے لکھاباندھ جانے والی بھٹہ سڑک کے کنارے ایک جھونپڑی کے پاس کچھ نوجوان ہتھیاروں کے ساتھ لوٹ پاٹ اور دیگر مجرمانہ واردات کو انجام دینے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
سینئر پولیس افسران کی ہدایت پر پولیس کی مشترکہ ٹیم تشکیل دے کر چھاپہ ماری کی گئی۔ اس دوران موقع سے کٹکا باشندہ امیت کمار، محمد زبید اور پکڑیہار باشندہ پرشانت کمار، سنجیت کمار یادو سمیت ایک نابالغ کو گرفتار کیا گیا۔تلاشی کے دوران امیت کمار کے پاس سے ایک دیسی کٹہ، پرشانت کمار کے پاس سے ایک موبائل اور ایک زندہ کارتوس، محمد زبید کے پاس سے میگزین سمیت پستول اور موبائل، سنجیت کمار کے پاس سے ایک موبائل اور ایک زندہ کارتوس جبکہ نابالغ کے پاس سے ایک موبائل برآمد کیا گیا۔ جائے وقوعہ کے قریب کھڑی دو موٹر سائیکلیں بھی ضبط کی گئیں پولیس کے مطابق محمد زبید کے موبائل میں ہتھیار کے ساتھ ایک نوجوان کی ویڈیو اور تصویر ملی ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے نوجوان کی شناخت کٹکا باشندہ سانو کمار کے طور پر کی۔ وہیں اس نے ہتھیار سدھاکر بھاردواج کے پاس پہنچانے کی بات بھی بتائی۔ دونوں ملزمین فرار ہیں۔گرفتار محمد زبید کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی رہا ہے۔ اس کے خلاف سنگھواڑہ تھانہ میں آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ نمبر 321/2025 درج ہے۔ پولیس دیگر گرفتار ملزمین کے مجرمانہ ریکارڈ کی بھی جانچ کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کر پولیس مزید کارروائی اور تفتیش میں مصروف ہے۔ چھاپہ ماری ٹیم میں تھانہ انچارج بسنت کمار، پولیس سب انسپکٹر دنیش کمار شرما، کملیش کمار مشرا، نلیش کمار، دلیپ کمار سمیت دیگر پولیس اہلکار شامل تھے

