مظفر پور میں پی این جی گیس پائپ لائن پھٹنے سے زوردار دھماکہ، ایک شخص ہلاک، 10 سے زائد زخمی

تاثیر2 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

مظفر پور، 2 نومبر:بہار کے مظفر پورشہر کے صدر تھانہ علاقے کے گوبَرسہئی-ڈمری علاقے میں پیرکے روزنالے کی تعمیر کے دوران جے سی بی سے کھدائی کرتے وقت زیرزمین بچھائی گئی پی این جی گیس پائپ لائن پھٹ گئی۔ گیس کے اخراج کے بعد زوردار دھماکہ ہوا، جس میں ایک نوجوان کی موت ہو گئی، جبکہ 10 سے زائد افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔
مقامی لوگوں کے مطابق علاقے میں نالے کی تعمیر کا کام جاری تھا۔ اسی دوران جے سی بی سے کھدائی کرتے وقت گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچا اور گیس کا اخراج شروع ہو گیا۔ کچھ ہی دیر بعد اچانک زوردار دھماکہ ہوا، جس کی زد میں آکر ایک شخص کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ متعدد افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔دھماکہ اتنا شدید تھا کہ آس پاس کے کئی مکانات اور دیواروں کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اورفائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ فائر فائٹرس نے آگ پر قابو پانے کے ساتھ راحت اور بچاؤ کا کام شروع کیا۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
موقع پر ایس ڈی ایم ایسٹ آنند اتسو، ٹاؤن-2 کے ڈی ایس پی دیپک کمار اور ضلع فائر آفیسر پرگیہ شرن سمیت کئی افسران پہنچے۔ اب تک ایک لاش اور ایک زخمی کو شری کرشن میڈیکل کالج و اسپتال (ایس کے ایم سی ایچ) بھیجے جانے کی اطلاع ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے جائے حادثہ پر راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔