ہائیوا اور موٹر سائیکل میں آمنے سامنے کی ٹکر، تین افراد شدید زخمی

تاثیر3 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ایمس تعمیراتی مقام کے قریب حادثہ، ٹکر کے بعد ہائیوا سڑک کنارے گہری کھائی میں پلٹا، زخمیوں کو ڈی ایم سی ایچ بھیجا گیا
سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفٰی) شوبھن-ایکمی بائی پاس سڑک پر زیر تعمیر ایمس کے قریب منگل کی دوپہر تقریباً دو بجے ہائیوا اور موٹر سائیکل کے درمیان آمنے سامنے کی زوردار ٹکر ہوگئی۔ ٹکر کے بعد بے قابو ہائیوا سڑک کنارے گہری کھائی میں جاگرا۔ اس حادثے میں ہائیوا ڈرائیور سمیت موٹر سائیکل پر سوار دو افراد شدید طور پر زخمی ہوگئے۔ حادثے کا شکار موٹر سائیکل ہونڈا شائن ہے، جس کا رجسٹریشن نمبر بی آر 06 ڈی ڈی 7710 بتایا گیا ہے۔ واقعے کے بعد موقع پر مقامی لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔ دیہی لوگوں کی مدد سے تینوں زخمیوں کو علاج کے لیے ڈی ایم سی ایچ بھیجا گیا۔سمری تھانہ صدر اروند کمار نے بتایا کہ ہائیوا ڈرائیور اور موٹر سائیکل سوار کی حالت کافی تشویشناک معلوم ہورہی تھی، جبکہ موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھے شخص کو بھی چوٹیں آئی ہیں۔ زخمیوں کی شناخت کی جارہی ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق ہائیوا ایکمی کی جانب سے شوبھن جارہا تھا، جبکہ موٹر سائیکل شوبھن کی جانب سے ایکمی کی طرف آرہی تھی۔ اسی دوران دونوں گاڑیوں میں آمنے سامنے کی ٹکر ہوگئی۔ واقعے کے بعد پولیس معاملے کی چھان بین میں مصروف ہے