تاثیر3 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 03/ نومبر (تاثیر بیورو) دشا آئی ہاسپٹلس کی جانب سے منعقدہ دشا سمان کے نویں ایڈیشن 2026 میں نابینا افراد کی غیر معمولی صلاحیتوں اور نمایاں کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے ہندوستانی خواتین نابینا کرکٹ ٹیم کی کپتان دیپیکا ٹی سی، نائب کپتان گنگا کدم، گلوکار و پیانیسٹ راج جین اور معذور افراد کے حقوق کے علمبردار و ماہر تعلیم سَیَنتن بنرجی کو اعزاز سے نوازا گیا۔
تقریب میں سابق ہندوستانی کرکٹر ارون لال نے خواتین نابینا کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والی دیپیکا ٹی سی اور گنگا کدم کو، معروف گلوکارہ لوپامدرا مترا نے راج جین کو، جبکہ معروف فنکار شبھاپرسن بھٹاچاریہ نے سَیَنتن بنرجی کو اعزاز پیش کیا۔ اس موقع پر دشا آئی ہاسپٹلس کے چیئرمین ڈاکٹر دیباشیش بھٹاچاریہ، بانی اراکین ڈاکٹر سمر باسک اور ڈاکٹر تشار کانتی سنہا سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔
ہر اعزاز یافتہ شخصیت کو توصیفی نشان کے ساتھ ایک لاکھ روپے نقد انعام بھی دیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر دیباشیش بھٹاچاریہ نے کہا کہ دشا سمان کا مقصد بصارت سے محروم افراد کی صلاحیتوں، حوصلے اور کامیابیوں کو منظر عام پر لانا اور ایک مساوی و جامع معاشرے کے قیام کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

