تجاوزات ہٹانے کے نام پر ہیمنت بسوا حکومت کی بلڈوزرکاروائی سے ہزاروں افراد بے گھر

تاثیر3 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

گوہاٹی، 3 نومبر: آسام کی ہیمنت بسوا سرما کی قیادت والی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت نے سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضہ کے خلاف بلڈوزر کارروائی کر رہی ہے۔ اس کے نتیجے میں کئی ہزار افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ لیکن وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما اپنے موقف پر قائم ہیں کہ ? ’’میں نے کتنی بار کہا ہے کہ آسام کی زمین یہاں کے لوگوں کے لیے ہے، دراندازوں کے لیے نہیں۔ لیکن کچھ لوگ شاید میری بات سمجھنا نہیں چاہتے۔ ان کے لیے پیش ہے جے سی بی۔‘‘
رواں سال جنوری سے نومبر کے دوران آسام حکومت نے ریاست کے مختلف اضلاع میں بڑے پیمانے پر تجاوزات مخالف مہم چلائی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، سال 2026 میں خاص طور پر دھوبڑی، ناگاؤں، ہوجائی، گولاگھاٹ اور شیوساگر اضلاع کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں، جن کے تحت ہزاروں بیگھہ زمین کو غیر قانونی قبضے سے آزاد کرایا گیا اور ہزاروں خاندانوں کو وہاں سے بے دخل کیا گیا۔جنوری 2026 میں بھی ہوجائی ضلع کے محفوظ جنگلاتی علاقوں میں ابتدائی مرحلے کی ایک مہم چلائی گئی تھی، جس کے دوران تقریباً 1,098 خاندانوں کو بے دخل کرکے 700 ہیکٹیئر زمین خالی کرائی گئی تھی۔
آسام انتظامیہ نے سال 2026 میں خصوصی طور پر محفوظ جنگلاتی علاقوں اور سرکاری زمینوں کو نشانہ بنایا۔ نومبر 2026 کے ابتدائی دنوں میں ہی دھوبڑی ضلع کے گوری پور سرکل کے تحت عالم گنج (پارٹ-9) گاؤں میں ایک بہت بڑی کارروائی کی گئی۔ اس کے علاوہ ضلع کے تین ریونیو گاؤں، چاروآباخرا، سنتوش پور اور چیراکوٹا پارٹ-1 میں بھی کارروائی کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے آنے والے دنوں میں ان علاقوں میں بھی بے دخلی مہم چلانے کا منصوبہ بنایا ہے۔
اسی طرح اکتوبر 2026 کے وسط میں ناگاؤں ضلع کے لٹوماری لونجاپ محفوظ جنگلات اور بورپانی جنگلاتی ڈویڑن میں بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی۔ اس دوران محفوظ جنگلاتی اراضی کو ناجائز قبضے سے آزاد کرایا گیا۔ حکومت نے خالی کرائی گئی زمین پر درخت لگانے کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔