راجناتھ سنگھ سے ملے 68,500 اسسٹنٹ ٹیچر بھرتی کے امیدوار، انصاف دلانے کا مطالبہ

تاثیر24 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 24 نومبر: لکھنؤ کے ایکو گارڈن میں 68,500 اسسٹنٹ ٹیچروں کی بھرتی میں ریزرویشن سے متعلق بے ضابطگیوں کے خلاف گزشتہ 85 دنوں سے احتجاج کرنے والے امیدواروں کے ایک وفد نے منگل کو وزیر دفاع اور لکھنؤ کے رکن پارلیمنٹ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔
پانچ کالی داس مارگ پر واقع ان کی رہائش گاہ پر پہنچنے والے وفد نے انہیں ایک عرضداشت پیش کی اور پورے معاملے سے آگاہ کرتے ہوئے انصاف دلانے کی اپیل کی۔ وفد نے قومی پسماندہ طبقات کمیشن، ریاستی پسماندہ طبقات کمیشن اور قانون ساز کونسل کی پارلیمانی و سماجی ہم آہنگی کمیٹی کے احکامات کی نقول بھی وزیر دفاع کے حوالے کیں۔
احتجاج کی قیادت کر رہے طوفان سنگھ نے بتایا کہ امیدوار گزشتہ 85 دنوں سے انصاف کے مطالبے کو لے کر احتجاج کر رہے ہیں۔ اس دوران انہوں نے ریاستی حکومت کے نائب وزرائے اعلیٰ، کابینہ وزرا، بی جے پی کے ریاستی صدر اور این ڈی اے کی اتحادی جماعتوں کے اہم رہنماؤں سے ملاقات کرکے اپنی عرضداشتیں پیش کیں، لیکن اب تک انہیں صرف یقین دہانیاں ہی ملی ہیں اور مسئلے کا کوئی مستقل حل نہیں نکل سکا ہے۔
آشوتوش ورما نے بتایا کہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پورے معاملے کو سنجیدگی سے سنا۔ انہوں نے معاملے کو تفصیل سے سمجھنے اور اس پر مزید تبادلہ خیال کرنے کے لیے امیدواروں کو دہلی آنے کا وقت دیا ہے۔ ان کے مطابق دہلی میں بیٹھ کر پورے معاملے پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی اور مسئلے کے حل کے لیے مثبت کوششیں کی جائیں گی۔