تاثیر25 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں، 25 نومبر: جموں و کشمیر پولیس نے پاکستان میں مقیم ضلع ریاسی کے پانچ مبینہ دہشت گردوں کی تقریباً 29 کنال اراضی قرق کر دی ہے۔ یہ کارروائی پولیس اسٹیشن مہور میں درج ایک ایف آئی آر کے سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نلین پربھات کی منظوری کے بعد کی گئی۔
ایس ایس پی ریاسی مکنڈ ٹبروال نے بدھ کے روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے ضلع کی حساسیت اور مندر کی سیکورٹی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ’’ریاسی ایک حساس ضلع ہے۔ یہاں ایک اہم مندر (کٹرہ میں ماتا ویشنو دیوی مندر) ہے۔ مندر کی سیکورٹی اور یہاں دوبارہ دہشت گردی نہ پنپے، اس کے لیے جو کچھ بھی کرنا پڑے گا، ہم کریں گے۔‘‘
انہوں نے کہا: ’’جموں و کشمیر پولیس دہشت گردی کے پورے نظام کے خلاف مسلسل کام کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں ضلع ریاسی کے وہ دہشت گرد سرغنہ، جو پاکستان چلے گئے ہیں اور وہاں سے دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہے ہیں، ان کے خلاف ہم کارروائی کر رہے ہیں۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا: ’’ہم نے ان کی یہاں موجود جائیداد کی چھان بین کی اور آج ایسے پانچ افراد کی جائیداد منسلک کر دی ہے۔‘‘ ایس ایس پی نے بتایا کہ اس سے پہلے 30 جولائی کو بھی پانچ ایسے افراد کی جائیداد منسلک کی گئی تھی۔

