آمدنی سے زیادہ اثاثوں کے معاملے میں راہل گاندھی کو سپریم کورٹ سے راحت، ہائی کورٹ کا حکم منسوخ

تاثیر25 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 25 نومبر:سپریم کورٹ نے کانگریس رہنما اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کو آمدنی سے زیادہ اثاثوں کے معاملے میں راحت دی ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے الہ آباد ہائی کورٹ میں راہل گاندھی کے خلاف زیرِ التوا معاملات کو منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔ راہل گاندھی نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کرکے الہ آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی متعدد درخواستوں پر جاری احکامات کو چیلنج کیا تھا، جن میں الزام لگایا گیا تھا کہ ان کے پاس آمدنی سے زیادہ اثاثے ہیں۔ راہل گاندھی نے اس معاملے کو الہ آباد ہائی کورٹ سے دہلی ہائی کورٹ منتقل کرنے کی بھی درخواست کی تھی۔مئی میں الہ آباد ہائی کورٹ نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو ہدایت دی تھی کہ وہ راہل گاندھی کے اثاثوں کا پتہ لگائیں۔ کرناٹک کے بی جے پی کارکن ایس وگنیش نے الہ آباد ہائی کورٹ میں عرضی دائر کرکے الزام لگایا تھا کہ راہل گاندھی کے پاس آمدنی سے زیادہ اثاثے ہیں۔ اس عرضی پر سماعت کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے عرضی گزار کے الزامات کی تصدیق کرنے کا حکم دیا تھا۔ ہائی کورٹ نے یہ بھی کہا تھا کہ سی بی آئی یا ای ڈی قانون کے مطابق مناسب کارروائی کر سکتی ہیں۔