سماج وادی پارٹی نے انتخابی منشور جاری کیا

تاثیر26 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 26 نومبر: اتر پردیش اسمبلی انتخابات 2027 کے لیے سماج وادی پارٹی (ایس پی) نے اپنے انتخابی منشور میں نوجوانوں، کسانوں، ملازمین اور خواتین سے متعلق مسائل کو اہمیت دی ہے۔ پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے جمعرات کو یومِ آئین کے موقع پر انتخابی منشور ’ستائیس کا سنکلپ‘ جاری کرتے ہوئے پرانی پنشن اسکیم کی بحالی، بے روزگار نوجوانوں کو ہر ماہ پانچ ہزار روپے بھتہ، کسانوں کی قرض معافی اور شہری علاقوں میں 300 یونٹ مفت بجلی دینے کا وعدہ کیا۔ منشور میں روزگار، سماجی تحفظ، زراعت، صحت اور امن و امان سے متعلق کئی اہم تجاویز شامل ہیں۔
ملازمین کو متوجہ کرنے کے لیے ایس پی نے پرانی پنشن اسکیم بحال کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ نوجوانوں کے لیے پانچ برسوں میں 25 لاکھ سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے اور دو سے تین کروڑ نوجوانوں کو دیگر شعبوں میں روزگار دلانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ بارہویں جماعت پاس طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے اور پانچ روپے میں کھانا فراہم کرنے کے لیے سماج وادی کینٹین شروع کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔