چھٹھ گھاٹ پر چندہ تنازع میں جان لیوا حملے کا ملزم گرفتار، جیل بھیجا گیا

تاثیر28 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سنگھواڑہ دربھنگہ( محمد مصطفٰی)  سنگھواڑہ کے تحت نگر پنچایت سنگھواڑہ کے وارڈ نمبر 6 میں چھٹھ پوجا کے دوران ہوئے پرتشدد حملے اور لوٹ پاٹ کے معاملے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم برجو کہار کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے جمعہ کی رات اسے گرفتار کیا اور ہفتہ کے روز عدالتی حراست میں جیل بھیج دیا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق اشوک کمار منڈل نے تھانے میں درج ایف آئی آر میں بتایا تھا کہ 15 نومبر کو چھٹھ گھاٹ پر لائٹ، ساؤنڈ اور سورج دیوتا کی مورتی نصب کرنے کے لیے رضاکارانہ طور پر چندہ جمع کیا جا رہا تھا۔ اسی دوران دلیپ کہار نے چندہ دینے سے انکار کرتے ہوئے گالی گلوچ اور دھکا مکی شروع کر دی۔ الزام ہے کہ شام تقریباً سات بجے دلیپ کہار، برجو کہار سمیت آٹھ نامزد اور 15 سے 20 نامعلوم افراد نے لاٹھی، ڈنڈے، راڈ اور تیز دھار ہتھیاروں سے لیس ہو کر اشوک منڈل کے گھر پر حملہ کر دیا۔
اس حملے میں درخواست گزار کی اہلیہ اور آنگن باڑی معاونہ منٹن دیوی اور چھوٹے بیٹے آکاش کا سر پھٹ گیا، جبکہ بڑا بیٹا سنیل کمار منڈل شدید زخمی ہو کر بے ہوش ہو گیا۔ حملہ آوروں پر خاتون کے گلے سے سونے کی جیتیا اور کان کے ٹاپس چھیننے کا بھی الزام ہے۔ تھانہ انچارج نلیش کمار نے بتایا کہ دیگر ملزمین کی گرفتاری کے لیے مسلسل چھاپہ ماری کی جا رہی ہے