رافیل سودے پر ملک بھر میں تحریک چلائے گی کانگریس

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-August-2018

نئی دہلی : کانگریس نے رافیل طیارہ کے ہزاروں کروڑ روپے کے سودے میں زبردست بدعنوان کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ اس کے خلاف ملک بھر میں آندولن چلایا جائے گا۔

کانگریس کے میڈیا سکریٹری رندیپ سنگھ سورجے والا نے سنیچر کو نامہ نگاروں سے کہا کہ پارٹی سربراہ راہل گاندھی کی صدارت میں کانگریس کے جنرل سکریٹریوں، سکریٹریوں اور ریاستی کانگریس کمیٹی کے سربراہوں اور قانون ساز پارٹیوں کے لیڈروں کی ایک میٹنگ ہوئی جس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ میٹنگ میں ملک کے سیاسی حالات پر بامقصد گفتگو کی گئی۔ مسٹر گاندھی نے میٹنگ میں کہا کہ نریندر مودی حکومت بدعنوانی پر پردہ ڈال رہی ہے۔ رافیل سودے میں بدعنوانی ہوئی ہے اور ’چوکیدار اب بھاگیدار‘ بن گئے ہیں۔ پارٹی کو اس کی اطلاع ملک کو دینی چاہئے اور عوام کے درمیان اس سے متعلق بیداری پیدا کرنی چاہئے۔

مسٹر سورجے والا نے بتایا کہ میٹنگ میں رافیل سودے میں ہوئی بدعنوانی کے خلاف پورے ملک میں تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ تحریک ضلع سطح سے لے کر ریاستی سطح تک ایک مہینے چلے گی اور اس میں مودی سرکار کی بدعنوانی کو اجاگر کیا جائے گا۔ پارٹی اسے ایک بامقصد عوامی تحریک کی شکل دے گی۔

پارٹی کے ترجمان کہا کہ کانگریس کے مرکزی لیڈران، سکریٹری اور جنرل سکریٹری، ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر، قانون ساز پارٹی کے لیڈران ہر ضلع اور صوبے میں جائیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ملک کو رافیل اسکینڈل اورمودی سرکار کی بدعنوانی کی سچائی کا پتہ چلے اور ان کی بدعنوانی کو سب کے سامنے لایا جائے۔