ٹیلرسن کے ساتھ ایران کے خطرے اور قطر کے بحران پر بات ہوئی : الجبیر

ریاض23اکتوبر(آئی این ایس انڈیا )سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ امریکی ہم منصب ریکس ٹیلرسن کے ساتھ ان کی بات چیت میں خطے میں ایرا ن کے خطرہ اور قطر کا بحران زیر بحث آیا۔ ریاض میں ٹیلرسن کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں الجبیر کا کہنا تھا کہ “قطر کے بحران میں آئندہ اقدام کے لیے امارات ، بحرین اور مصر کے ساتھ مشاور ت جاری ہے ۔’دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ‘میرا ریاض کا تیسرا دورہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی گہرائی کو باور کراتا ہے۔’ٹیلرسن نے مزید کہا کہ ‘میں نے سعودی دارالحکومت میں بات چیت کے دوران خطے کے امن کو متزلزل کرنے کے لیے ایران کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یورپی کمپنیاں بھی ایران پر عائد پابندیوں کے میکانزم میں شامل ہو جائیں گی۔’انہوں نے باور کرایا کہ ‘ہم امریکی سعودی سربراہ ملاقات میں طے پائے جانے والے امور پر عمل درامد کے لیے کام کریں گے۔’ٹیلرسن کے مطابق ’سعودی عراقی رابطہ کاری کونسل عرا ق کو مستقبل کی جانب لے جانے کے لیے کام کرے گی۔ ہم ایک مضبوط عراق کی امید رکھتے ہیں اور اس کے لیے عراق کے اپنے پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات بہت ضروری ہیں‘۔ٹیلرسن نے مزید کہا کہ ’ہم قطر کے بحران کا شعلہ بجھانے اور خلیجی تعاون کی یک جہتی کو دوبارہ لانے پر توجہ دے رہے ہیں‘۔