ریڈی کے قریبی شری راملو بنیں گے نائب وزیراعلیٰ؟ امت شاہ نے کہا کھلے دماغ سے ہوگا غور

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-May-2018

میسور: کرناٹک کے سیاسی گلیاروں میں اس بات کی زبردست بحث ہے کہ اگر بی جے پی کی سرکار بنی تو بی شری راملو کو نائب وزیراعلیٰ بنایاجائے گا۔ حالانکہ اس پر بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے اب تک کچھ نہیں کہا ہے۔ واضح رہے کہ بی شرراملو مبینہ کانکنی گھوٹالے میں ملزم جناردن ریڈی کے قریبی ہیں۔ جب اس بارے میں جمعرات کو امت شاہ سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہاکہ اس پر الیکشن کے بعد اس موضوع پر کھلے دماغ سے غور کیاجائے گا۔

شاہ نے ریڈی اور پارٹی سے کسی بھی تعلقات کو خارج کردیا۔ شاہ نے کہا کہ کسی بھی بی جے پی امیدوار پر ناجائز کانکنی کا الزام نہیں ہے نا ہی ہمارا جناردن ریڈی سے کوئی تعلق ہے۔

واضح رہے کہ امت کے ردعمل اس وقت آیا جب کانگریس نے ایک ویڈیو جاری کیا، جس میں دعوی کیا گیا ہے کہ شری راملو نے سپریم کورٹ کے ایک سابق جسٹس کے داماد کو رشوت دے کر ریڈی بھائیوں سے متعلق ناجائز کانکنی معاملے میں فیصلہ اپنے حق میں کرانے کی کوشش کی۔ شاہ نے کانگریس کی طرف سے جاری کئے گئے ویڈیو پر کہا کہ اس طرح کے نقلی چیزوں پر یقین نہ کریں۔

امت شاہ نے کہاکہ میں نے کرناٹک میں 50,000 کلو میٹر کی دوری طے کی ہے، ہم نے سدارمیا حکومت کے خلاف لوگوں کی ناراضگی کا تجربہ کیا ہے۔

بارہ مئی کے اسمبلی الیکشن میں شری راملو دو انتخابی حلقوں مولاکلمرو اور بدامی سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ بدامی میں وہ کانگریس لیڈر اور وزیراعلیٰ سدارمیا کے خلاف الیکشن لڑ رہے ہیں۔ شاہ نے کانگریس پر غیر جمہوری طریقے سے الیکشن جیتنے کے لئے کوشش کرنے کا بھی الزام لگایا۔ انہوں نے کہاکہ یہ سب کا م نہیں کرے گا اور ان کی پارٹی 130 سے زیادہ سیٹوں پر جیت حاصل کرے گی۔