جنسی ہراسانی کی شکار اداکارائیں سوشل میڈیا کےبجائےعدالت جائیں:پوجا بھٹ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-January-2019

ممبئی (ایجنسی )پوجا بھٹ نے کہا ہے کہ می ٹو مہم کا سامنا کرنے والی اداکارائیں سوشل میڈیا کا سہارا لینے کے بجائے عدالت سے رجوع کریں۔بالی ووڈ میں ان دنوں می ٹو مہم زور وشور سے جاری ہے جس کی زد میں اب تک انڈسٹری کے نامور ہدایت کار واداکار آچکے ہیں جن میں ساجد خان، سلمان خان ، امیتابھ بچن اور نانا پاٹیکر سمیت دیگر شامل ہیں جب کہ حال ہی میں بالی ووڈ کے نامور ہدایت کار راجکمار ہیرانی پر بھی فلم ’سنجو‘ کی خاتون اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی جانب سے جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا گیا اور اس کے لیے انہوں نے سوشل میڈیا کا سہارا لیا۔بالی ووڈ میں اداکاری کے بعد فلمسازی میں قدم رکھنے والی اداکارہ پوجا بھٹ نے می ٹو مہم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جنسی ہراسانی کا سامنا کرنے والے خواتین یا ادکاراؤں کو اپنا کیس صرف سوشل میڈیا پر نہیں ڈالنا چاہیے بلکہ انہیں اس شخص کا نام واضح طور پر لے کر نہ صرف اس کے خلاف مقدمہ کرنا چاہیے بلکہ معاملے کو عدالت تک لے جانا چاہیے۔پوجا بھٹ نے کہا کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر معاملے کو لانے سے کچھ نہیں ہوگا جب تک پولیس میں مقدمہ درج نہ کیا جائے اور میں میڈیا ٹرائل کے حق میں نہیں ہوں اگر کسی شخص نے خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کیا ہے تو اس کے لیے ایک قانون موجود ہے جو متاثرہ خواتین کو تحفظ فراہم کرتا ہے ۔