نَلینی کی پیرول کی مدت بڑھانے سے مدراس ہائی کورٹ کا انکار

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 13-September-2019

چنئی،(یو این آئی) مدراس ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم راجیوگاندھی قتل کی مجرم ایس نَلینی کی پیرول کی مدت بڑھانے سے جمعرات کو انکار کر دیا۔ جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس آر ایم ٹی ٹیکا رمن کی بنچ نے نلینی کی عرضی پر شنوائی کے دوران پیرول کی مدت بڑھانے سے انکار کر دیا۔ نلینی نے اپنی بیٹی کی شادی کے انتظام کے لیے پیرول کی مدت 15 اکتوبر تک بڑھانے کی اپیل کی تھی۔ اسے پہلے 25 جولائی کو ایک ماہ کا پیرول دیا گیا تھا جسے 22 اگست کو تین ہفتہ بڑھا کر 19 ستمبر تک کر دیا گیا تھا۔ اس نے اس مدت کو 15 اکتوبر تک کرنے کی عرضی دائر کی تھی۔ اس کی عرضی نامنظور کرتے ہوئے بنچ نے کہا،’ہم نے کافی چھٹی دے دی ہے اور اب اسے آگے نہیں بڑھایا جا سکتا ہے۔ ہم ضابطے سے پرے ہوکر پیرول کی مدت بڑھانا جاری نہیں رکھ سکتے۔بنچ کی تجویز پر نلینی کے وکیل ایم رادھا کرشنن نے اپنی عرضی واپس لے لی۔