اسمتا پاٹل نےمتوازی فلموں کو نئی جہت دی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 13-Dec-2019

ممبئی، (یواین آئی) ہندوستانی سنیما کی اسٹار اداکارہ اسمتا پاٹل نے اپنی بہترین اداکاری سے متوازی فلموں کے ساتھ ساتھ کمرشیل فلموں میں ناظرین کے بیچ اپنی خاص جگہ بنائی۔17 اکتوبر 1955 کو پونے شہر میں پیدا ہونے والی اسمتا پاٹل نے اپنی تعلیم مہاراشٹر سے مکمل کی۔ ان کے والد شیواجی رائے پاٹل مہاراشٹر حکومت میں وزیرتھے جبکہ ان کی والدہ سماجی کارکن تھیں۔ کالج کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ مراٹھی ٹیلی ویژن میں بطور نیوز ریڈر کام کرنے لگی تھیں۔ اس دوران ان کی ملاقات معروف ڈائرکٹر اور ہدایت کار شیام بینگیل سے ہوئی۔شیام بینگل ان دنوں اپنی فلم ’ چرن داس چور‘ بنانے کی تیاری کررہے تھے۔ شیام بینگل کو اسمتا پاٹل میں ایک ابھرتی ہوئی اداکارہ نظر آئی اور انہوں نے اپنی فلم ’چرن داس چور‘ میں اسمتا کو ایک چھوٹا سا کردار دیا۔فلم منتھن اور بھومیکا میں اسمتا کے ساتھ نصیرالدین شاہ، شبانااعظمی ، امول پالیکر اور امریش پوری جیسے مشہور اداکارموجود تھے۔فلم بھومیکا سے اسمتا پاٹل کا جو سفر شروع ہوا وہ چکر، نشانت ، آکروش ، گدھ، البرٹ پنٹو کو غصہ کیوں آتا ہے اور مرچ مصالحہ جیسی فلموں تک جاری رہا۔سال 1980 میں ریلیز فلم ’چکر میں اسمتا پاٹل نے جھونپڑی میں رہنے والی خاتون کا کردار ادا کیا جس کیلئے انہیں دوسری مرتبہ قومی ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ۔80 کی دہائی میں اسمتا پاٹل نے کمرشیئل فلموں کی طرف اپنا رخ کیا اور اس دوران انہوں نے سپراسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ ’نمک حلال‘ اور ’شکتی ‘ جیسی سپرہٹ فلموں میں کام کیا جس کے بعد اسمتا پاٹل نے کمرشیئل فلموں میں بھی کامیابی حاصل کی ۔سال 1985 میں ہندوستانی سنیما میں انہیں شاندار اداکاری کی وجہ سے پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ہندی فلموں کے علاوہ اسمتا نے مراٹھی، گجراتی،تیلگو، بنگلہ، کنڑ اور ملیالم فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔اس کے علاوہ اسمتا کو عظیم فلم ساز ستیہ جیت رے کے ساتھ بھی کام کرنے کا موقع ملا۔ منشی پریم چندر کی کہانی پر مبنی ٹیلی فلم ’سدگتی ‘ کو آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔اپنی بہترین ادکاری سے دودہائی تک ناظرین کے دلوں میں چھانے والی اداکارہ اسمتا پاٹل نے محض 31 سال کی عمر میں 13 دسمبر 1986 کو اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ ان کی موت کے بعد سال 1988 میں ان کی فلم لاوارث ریلیز ہوئی جو اسمتا پاٹل کے فلمی کیریئر کی اہم فلموں میں سے ایک تھی۔