نظام الدین مرکز کی میٹنگ میں شامل ہوئے تلنگانہ کے 6 افراد کی کورونا انفیکشن سے موت

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 06-April-2020

تلنگانہ حکومت نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جن 6 لوگوں کی موت کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہوئی ہے وہ گزشتہ دنوں نظام الدین واقع تبلیغی جماعت مرکز کی میٹنگ میں شامل ہوئے تھے۔ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کے درمیان تلنگانہ سے 6 افراد کی موت کی خبر موسول ہو رہی ہے۔ تلنگانہ حکومت کا کہنا ہے کہ دہلی کے نظام الدین میں مذہبی پروگرام میں شامل ہوئے 6 لوگوں کی موت کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ سبھی اسی مہینے دہلی کے نظام الدین گئے تھے جہاں تبلیغی جماعت مرکز کی میٹنگ میں شامل ہوئے تھے۔تلنگانہ سی ایم او کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے بھی اس خبر کی تصدیق کی گئی ہے۔ سی ایم او ٹوئٹر ہینڈل سے دی گئی آفیشیل جانکاری کے مطابق مہلوکین میں سے دو کی موت گاندھی اسپتال میں، ایک کی اپولو اسپتال میں، ایک کی گلوبل اسپتال میں، ایک کی نظام آباد میں اور ایک کی موت گڈوال ضلع میں ہوئی ہے۔ یہ سبھی مرکز میں 13 مارچ سے 15 مارچ کے درمیان ہوئی میٹنگ میں شامل ہوئے تھے۔واضح رہے کہ اس سے قبل جنوب مشرقی دہلی کے نظام الدین واقع تبليغی جماعت کے مرکزسے کورونا وائرس کے انفیکشن کے 200 مشتبہ افراد کو جانچ کے لئے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے جبکہ کئی دیگر کا بھی ٹیسٹ کرایا جانا ہے۔ اس درمیان تقریباً 1200 موجود لوگوں کو وہاں سے باہر نکالا جا رہا ہے۔ مرکز میں موجود 300 لوگوں کو کورونا وائرس کے تعلق سے مشتبہ مانا جا رہا ہے۔