بنگال کے بی جے پی صدر کا دعویٰ ’کورونا ختم ہوگیا

Taasir Urdu News Network | New Delhi (India)  on 11-September-2020

نئی دہلی: مغربی بنگال میں بی جے پی رہنما دلیپ گھوش نے دعوی کیا ہے کہ کورونا ملک سے چلا گیا ہے۔ ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مغربی بنگال کے بی جے پی صدر گھوش نے کہا کہ کورونا وائرس چلا گیا ہے۔ ممتا بنرجی صرف دکھاوا کررہی ہیں اور لاک ڈاؤن لگا رہی ہیں تاکہ بی جے پی ریاست میں جلسے اور ریلیاں منعقد نہ کرسکے۔ کوئی بھی ہمیں نہیں روک سکتا۔گھوش نے یہ دعویٰ ایسے وقت میں کیا ہے جب گزشتہ کچھ دنوں سے ملک میں ہر روز ایک لاکھ سے زیادہ کورونا وائرس کیسز رپورٹ ہورہے ہیں اور 2 ستمبر سے روزانہ 1 ہزار افراد کورونا سے ہلاک ہورہے ہیں۔ گزشتہ13 دنوں میں ملک میں کورونا وائرس کے 10 لاکھ نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔گرچہ گوش ملک سے کورونا ختم ہونے کا دعوی کریں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ امریکہ کے بعد ہندوستان میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کیسز ہیں۔ وزارت صحت کے اعدادوشمار کے مطابق ملک میں مریضوں کی تعداد 45 لاکھ 62 ہزار 415 ہوگئی ہے اور 76271 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ جبکہ فعال کیسز کی تعداد 9 لاکھ 43 ہزار 80 ہے۔ اسی دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ کورونا کو ہلکے میںنہ لیں اور ماسک پہنچیں اور سماجی دوری کو برقراررکھیں۔ بی جے پی کے ہی لیڈر گھوش خطرے کو کم نہیں سمجھ رہے ہیں۔ گھوش نے ایک جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کورونا ختم ہونے کی بات کہی۔ اہم بات یہ ہے کہ بی جے پی رہنماؤں نے اس سے قبل مغربی بنگال حکومت پر کورونا کیسز اور اموات کی تعداد کو جان بوجھ کر چھپانے کا الزام لگایا تھا۔