بی جے پی کو جھٹکا ، راجیو رنجن جے ڈی یو میں شامل

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 16th Jan.

پٹنہ، 15 جنوری(ہ س)۔کھرماس ختم ہوتے ہی بہار میں سیاسی ہلچل شروع ہو گئی ہے۔بہار بی جے پی کے سابق نائب صدر راجیو رنجن نے اپنی نئی سیاسی اننگز کی شروعات کی ہے۔ جے ڈی یو کے قومی صدر للن سنگھ کی موجودگی میں آج انہوں نے’’ تیر‘‘تھام لیا۔ جے ڈی یودفتر کے کرپوری آڈیٹیوریم میں اس کے لئے ملن تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر للن سنگھ نے کہا کہ بھگوا چھوڑ کر جے ڈی یو میں آٗئے ہیں، آپ کا استقبال ہے۔ دراصل گذشتہ دنوں چھپرہ میں زہریلی شراب سے موت معاملے میں بی جے پی کی طرف سے معاوضہ کی مخالفت راجیو رنجن نے کی تھی۔ اس وقت انہوں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی حمایت کی تھی۔ جس کی وجہ سے پارٹی میں ان کے خلاف آوازیں اٹھنے لگی اور انہیں ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا۔ آخر کار راجیو رنجن نے استعفیٰ دے دیا۔ اس وقت سے ان کے جے ڈی یو میں جانے کی بات ہو رہی تھی۔ سابق ایم ایل اے راجیو رنجن نالندہ ضلع سے ہیں۔راجیو رنجن نے جب بی جے پی سے استعفیٰ دیا تو انہوں نے کئی الزامات لگائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بہار میں بی جے پی وزیر اعظم نریندر مودی کے ویزن اور پالیسیوں کو نظر انداز کر کے کام کرتی ہے۔ پارٹی میں پسماندگی اور دلتوں کو نظر انداز کرنے کا بھی الزام تھا۔ راجیو رنجن نے یہ بھی کہا تھا کہ بہار بی جے پی وزیر اعظم کے ‘ سب کا ساتھ سب کا وکاس ‘ کے نعرے کے خلاف کام کر رہی ہے۔ ان کے مطابق پارٹی پر پسماندہ ، انتہائی پسماندہ اور دلت سماج مخالف لوگوں کا غلبہ ہے۔