نیتا جی جینتی پر منعقدہ پروگرام کے اسٹیج سے ممتا نے وزیر اعظم مودی پر حملہ کیا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 23rd Jan.

کولکاتا، 23 جنوری : نیتا جی سبھاش چندر بوس کے یوم پیدائش کے موقع پر ایک طرف وزیر اعظم نریندر مودی نے انڈمان میں ایک پروگرام منعقد کرکے جزیروں کے نئے نام رکھے تو دوسری طرف وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ریاستی حکومت کی طرف سے کولکاتہ کے ریڈ روڈپرمنعقدہ ایک پروگرام کے ذریعے نیتا جی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔اس دوران ممتا بنرجی نے وزیر اعظم پر شدید حملہ کیا۔ ممتا نے کہا کہ کچھ لوگ نام کمانے کے لیے جزیروں کے نام تبدیل کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا،’آج کچھ لوگ ان جزیروں کو شہید سوراج کا نام دے رہے ہیں۔ نیتا جی نے ا نڈمان میں جس دن قدم رکھا تھا، اسی دن ان جزائر کا نام رکھ دیا تھا۔ انہوں نے مستقبل کے لیے منصوبے اور خاکے بنائے۔ نیتا جی نے آزاد ہند فوج کی تشکیل کی۔ انہوں نے جے ہند کا نعرہ دیا ۔ یہ ایک ایسا نعرہ بن گیا جس پورے ہندوستان کو متحد کیا اور مخالف طاقتوں کو کچل دیا‘‘۔
پیر کی دو پہر، ریاستی حکومت نے نیتا جی سبھاش چندر بوس کے یوم پیدائش پر ریڈ روڈ پر ایک پروگرام کا اہتمام کیا۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس موقع پر نیتا جی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر میئر فرہاد حکیم، سوگت بوس اور دیگر موجود تھے۔
اس دوران اپنے خطاب میں ممتا بنرجی نے سوال اٹھایا کہ مجاہدین آزادی کو کیوں یاد نہیں کیا جاتا؟ بہت سے ایسے نامعلوم لوگ ہیں، جن کے نام اکثر تاریخ کی کتابوں میں نہیں ملتے، انہیں یاد رکھنا ہمارا فرض ہے۔ ان کی بہادری کو آنے والی نسلوں کے سامنے پیش کرنا ہی ہوگا‘‘۔
انہوں نے مزید کہا، “سبھاش چندر بوس ایک ہیرو ہیں، ایک علمبردار ہیں، وہ لازوال، آفاقی، عالمی سطح پر قابل احترام ہیں۔ کیسے انہوں نے ملک سے باہر جانے کے لئے بھیس بدلا، جہاز میں پہنچے، کار میںبھیس بدل کر لڑے‘‘۔
مرکزی حکومت پر طنز کرتے ہوئے ممتا نے کہا ’’ میری ذہانت تھوڑی کم ہے، اس لیے شاید میں سمجھ نہیں پا رہی ہوں۔ آپ سے سیکھنے کو بہت کچھ ہے، میں سیکھنا چاہتی ہوں۔ نیتا جی سبھاش چندر بوس نے پلاننگ کمیشن بنایا۔ وہ پلاننگ کمیشن آج نہیں ہے۔ اسے ختم کر دیا گیا ہے۔ ہم سیاست پر بہت بات کرتے ہیں۔ ملک کے مجاہدین آزادی نے بھی سیاست کی بات کی۔ لیکن، ان کی سیاست میں مٹھاس تھی، خوبصورتی تھی، وہ مضبوط آواز سے سیاست کرتے تھے‘‘۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نیتا جی، گاندھی جی، امبیڈکر، عبدالکلام آزاد، دیش بندھو، ماتنگنی، سوریہ سین، بنوئے بادل دنیش جیسے قومی لیڈر ہونے چاہئیں۔ صرف 26 جنوری کو ان کے لیے جھنڈا نہ لہرایا جائے۔ آزاد ہندوستان کی تاریخ اور جدوجہد کو مسخ کرکے پیش کیا جا رہا ہے۔ عوام کے سامنے درست تاریخ پیش کی جائے۔