اسمرتی مندھانا، دیپتی شرما، رچا گھوش اور رینوکا سنگھ آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر میں شامل

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 23rd Jan.

نئی دہلی، 23 جنوری : بھارتی خواتین کرکٹرز اسمرتی مندھانا، دیپتی شرما، رچا گھوش اور رینوکا سنگھ نے آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر میں جگہ بنائی ہے۔ آئی سی سی نے پیر کے روز ٹیم کا اعلان کیا۔آئی سی سی ویمنز ٹی ۔20 ٹیم آف دی ایئر 2022 میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں نیوزی لینڈ کی سوفی ڈیوائن شامل ہیں جنہیں کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کی اوپنر بیتھ مونی، آل راونڈر ایشلے گارڈنر اور تہلیا میک گرا، پاکستان کی آف اسپن آل راونڈر ندا ڈار، انگلینڈ کی سوفی ایکلیسٹون اور سری لنکا کے انوکا راناویرا ہیں۔ہندوستان کی نائب کپتان اسمرتی مندھانا، جنہیں آئی سی سی ویمنز ٹی۔ 20 کرکٹر آف دی ایئر اور آئی سی سی ویمنز کرکٹر آف دی ایئر کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے ، کے لیے 2022 سال شاندار رہا ہے۔ انہوں نے 33 کی اوسط اور 133.48 کے اسٹرائیک ریٹ سے 594 رن بنائے ہیں۔ انہوں نے سال کے دوران 21 اننگ میں پانچ نصف سنچریاں اسکور کیں، جن میں اکتوبر میں ویمنز ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا کے خلاف ایک نصف سنچری بھی شامل تھی۔
انہوں نے برمنگھم میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں بھی دو نصف سنچریاںبنائیں ، جس سے ہندوستان کو بالترتیب پاکستان اور انگلینڈ کے خلاف ان دونوں میچوں میں فتح حاصل کرنے میں مدد ملی۔ وہ خواتین کیٹی۔20 انٹرنیشنل میں سال کے لیے چوتھی سب سے زیادہ رن بنانے والی کھلاڑی تھیں۔
دیپتی شرما نے سال 2022 میں 29 وکٹیں حاصل کیں، جو 2022 میں خواتین کے ٹی۔20 میں کسی بھی گیند باز کی مشترکہ تیسرابہترین اعداد وشمارہے۔ گیند کے ساتھ 18.55 کی اوسط سے، دیپتی نے صرف چھ سے زیادہ کی اکانومی ریٹ سے گیند بازی کی، جبکہ سال میں بلے سے 370 رن بنائے۔ بنگلہ دیش میں ویمنز ایشیا کپ میں ان کی 13 وکٹوں کے سبب انہیں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل ہوا۔
رچا گھوش نے 2022 میں ٹی ۔20 کے 18 میچوں میں 259 رن بنائے۔ اس دوران انہوں نے 13 چھکے لگائے۔ ان کی بہترین کارکردگی آسٹریلیا کے خلاف بریبورن اسٹیڈیم میں ہوم سیریز میں آئی، جب انہوں نے صرف 19 گیندوں پر نا ٹ آوٹ40 رن بنائے۔
تیز گیند باز رینوکا نے سال 2022 میں 23.95 کی اوسط اور 6.50 کے اکانومی ریٹ سے 22 وکٹیں حاصل کیں۔ کامن ویلتھ گیمز اور ایشیا کپ میں ان کی کارکردگی متاثر کن رہی۔ انہوں نے 11 میچوں میں صرف 5.21 کی اکانومی سے 17 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی بہترین کارکردگی برمنگھم میں آسٹریلیائیوں کے خلاف سامنے آئی، جب انہوں نے 4 اوورز میں 18 رن دے کر 4وکٹیں حاصل کیں۔
آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر
اسمرتی مندھانا (بھارت)، بیتھ مونی (آسٹریلیا)، سوفی ڈیوائن (کپتان، نیوزی لینڈ)، ایشلے گارڈنر (آسٹریلیا)، تہلیاا میک گرا (آسٹریلیا)، ندا ڈار (پاکستان)، دیپتی شرما (بھارت)، رچا گھوش (وکٹ کیپر، بھارت)، سوفی ایکلسٹون (انگلینڈ)، انوکا راناویرا (سری لنکا)، رینوکا سنگھ (بھارت)۔