Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 5th Jan.
کابل،05 جنوری: امارت اسلامیہ افغانستان کے ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد کا کہناہے کابل میں ہوٹل، ایئرپورٹ اور پاکستانی سفارتخانے پر حملہ کرنے والے داعش کے تین ٹھکانے تباہ کردیے۔ ذبیح اللّٰہ مجاہد نے گزشتہ روز کابل اور نمروزمیں داعش کے خلاف آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن میں داعش کے اہم نیٹ ورک کو نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران 7 جنگجوؤں کو گرفتار کیا گیا ہے اور متعدد مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ کابل اور نمروز میں داعش کے ٹھکانوں پر آپریشن کے دوران چھوٹے ہتھیار، دستی بم، خودکش جیکٹس اور دھماکا خیز مواد قبضے میں لیا۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ نیٹ ورک دیگر اہم مقامات پر حملوں کی منصوبہ بندی اور غیر ملکی دہشت گردوں کو افغانستان منتقل کر رہا تھا۔