امریکی سینٹر یوکرین کو ٹینک نہ ملنے پر پھٹ پڑے، پہلے آپ پہلے آپ کا ڈرامہ ختم کیا جائے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 21st Jan.

کییف،21جنوری:یوکرین کے دورے پر کیف میں موجود امریکی سینیٹرز کے ایک متفرق وفد نے یوکرین کو ٹینکوں کی فراہمی میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کے روز ان امریکی سینیٹرز نے یہ انتباہ بھی کیا کہ روس یوکرین کے خلاف ایک بڑا جوابی حملہ کرنے جا رہا ہے۔یوکرین کے دارالحکومت کیف کے دورے پر وفد میں ری پبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم کے علاوہ ڈیموکریٹ سینیٹرز رچرڈ بلو مینتھل اور شیلڈن وائٹ ہاوس شامل ہیں۔سینیٹرز نے یوکرینی صدر سے ملاقات کے بعد رپورٹرز سے بات چیت کی۔ لنڈسے گراہم نے سخت لہجے میں کہا ‘یوکرین کو خیرات سمجھ کر مدد نہ دی جائے۔ اسے اسلحہ ایک سرمایہ کاری کے طور پر دیا جائے۔’انہوں نے یوکرین کو ٹینک بھیجنے میں تاخیر کے سلسلے میں جرمنی کا نام لے کر اپنی ?مایوسی کا اظہار کیا اور کہا مغربی اتحادیوں اور امریکہ کو جلد اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔ان کا کہنا تھا ‘میں پہلے آپ پہلے آپ والے ڈرامے کا سن سن کر تھک چکا ہوں۔ جرمنی کو چاہیے کہ یوکرین کو جلد سے جلد ٹینک بھیجے۔ کیونکہ یہ آپ کے اپنے مفاد میں ہے کہ پیوتن کو یوکرین میں شکست ہو۔امریکی سینیٹر بلومینتھل نے اس بارے میں کہا ‘یہ بحث اور الجھن اب ختم ہونی چاہیے کہ کون سا مغربی ملک ٹینک دے گا اور کب دے گا۔’جرمنی اس سلسلے میں پہلے ہی مغربی ملکوں کے دباو میں ہے کہ یوکرین کو ٹینک بھیجنے میں دیر نہ کرے۔ اس کے علاوہ بھی جن ملکوں کے پاس جرمن ساختہ لیپرڈ 2 ٹینک ہیں وہ یوکرین کو بھجوائیں۔اس سے پہلے نیٹو حالیہ میٹنگ میں بھی یہ مسئلہ بڑی شدت کے ساتھ زیر بحث لایا گیا لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا اور گرما گرم بحث کے بعد اجلاس ختم ہو گیا۔ادھر واشنگٹن میں ایک امریکی ذمہ دار نے کہا ہے امریکہ اب بھی یوکرین کو اپنے ابراہم ٹینک دینے کے وعدے پر قائم ہے۔لیکن کیف میں موجود سینٹر بلومیتھل کا اصرار ہے کہ یوکرین کو اسلحہ فراہمی کی فوری ضرورت ہے۔ کیونکہ وہ روس کے ایک اور بڑے حملے کی زد میں آنے والا ہے۔سینیٹر کے مطابق ‘روسی ایک بڑے جوابی حملے کی تیاری کررہے ہیں۔ ان کا نیا حملہ بڑا غیر انسانی اور ظالمانہ ہوگا، جیسا کہ پہلے بھی روس کر چکا ہے۔’گراہم اور بلومینتھل دونوں سینیٹروں نے جو بائیڈن انتظامیہ پر زور دیا کہ ‘یوکرین کو ٹینک ، توپ خانہ اور ‘اے ٹی اے سی ایم ایس’ میزائل سسٹم دیا جائے۔’ جبکہ سینیٹر بلومینتھل نے امریکی جنگی طیارے بھی یوکرین کو دینے کی بات کی۔سینیٹر بلومینتھل کا کہنا تھا ‘ہمیں امریکی فوج کو یوکرین میں نہیں بھیجنا چاہیے تو کم از کم یوکرین کو وہ اسلحہ تو دینا چاہیے جو ہماری اپنی افواج استعمال کرتی ہیں۔