اگر نئی مینجمنٹ مجھے کوئی موقع دیتی ہے تو پھر دیکھوں گا: انضمام الحق

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 4th Jan.

کراچی ، 4جنوری :پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ اگر نئی مینجمنٹ مجھے کوئی موقع دیتی ہے تو پھر دیکھوں گا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ سب کرکٹرز پاکستان کی خدمت کے لیے تیار رہتے ہیں۔انضمام الحق نے کہا کہ اگر کسی بھی کھلاڑی کی فارم اور فٹنس اچھی ہے تو اسے موقع ملنا چاہیے، محمد عامر کو اپنی فٹنس کا خود اندازہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کپتانی مشکل چیز ہے جو کرنے اور سیکھنے سے آتی ہے، بابر اعظم پر اگر کوئی دباؤ ہوتا تو اس سے ان کی انفرادی کارکردگی پر فرق پڑتا۔انضمام الحق نے کہا کہ ہوم سیریز کے دوران پچز کی مجھے سمجھ نہیں آئی، پچز بنانے والوں کو ضرور پوچھنا چاہیے، مجھے سیریز کے دوران اب تک سلیکشن کی بھی سمجھ نہیں آئی۔سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں بہت زیادہ آل راؤنڈرز کو شامل کر لیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ کوچ کی حیثیت سے فیور دینے نہ دینے کی بات درست نہیں ہے، ہمارے ملکی کوچز باصلاحیت ہیں، انہوں نے اچھے نتائج دیئے ہوئے ہیں۔انضمام الحق نے مزید کہا کہ نتائج اوپر نیچے ہوتے ہیں،تاہم ثقلین مشتاق اور محمد یوسف نے اچھا کام کیا ہے۔