بنگلورو: وزیر ٹرانسپورٹ شری راملو نے کے ایس آر ٹی سی کی پہلی الیکٹرک بس کو ہری جھنڈ ی دکھائی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3rd Jan

بنگلورو،03 جنوری: کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپویشن (کے ایس آر ٹی سی) نے پہلی الیکٹرک’’ای وی۔پاور پلس‘‘ بس سرویس شروع کی ہے۔ کے ایس آر ٹی سی صدر دفتر کے سامنے منعقد تقریب کے دوران ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ شری راملو نے نئی الیکٹرک بس کو ہری جھنڈی دکھا ئی۔بنگلور۔ میسور کے درمیان دوڑنے والی یہ انٹر سٹی بس ’’ای وی۔ پاور پلس‘‘ بس ہے۔اس موقع پر وزیر برائے ٹرانسپورٹ شری راملو نے اخباری نمائندوں سے بات کر تے ہو ئے بتا یا کہ کے ایس آر ٹی سی میں جدید ترین بسوں کو دیکھا جائے تو صاف طو ر پر ان کی کامیابی کا پتہ چلتا ہے۔انہوں نے بتا یا کہ کانگریس کے دور اقتدار کے دوران اس طرح کی جدید بسوں کی سہولت مہیا نہیں کی گئی تھی۔ انہوں نے بتا یا آنے والے دنوں میں کے ایس آر ٹی سی مزید50الیکٹرک بسوں کو شامل کرے گااور یہ بسیں شہر سے میسور کے علاوہ مڈکیرے، ویراج پیٹ، داونگرے، شیموگہ اور چکمگلور کیلئے دوڑیں گی۔ انہوں نے بتا یا کہ اولکٹا گرین ٹک لمیٹڈ(او جی ایل) کمپنی ’’ای وی۔ پاور پلس‘‘ الیکٹرک بسوں کو فراہم کرے گی۔شری راملو نے بتا یا کہ فی الوقت الیکٹرک بس کی چارجنگ کیلئے بنگلور اور میسور میں چارجنگ سنٹرز قائم کئے گئے ہیں اورآنے والے دنوں میں دیگر شہروں میں بھی چارجنگ سنٹرز قائم کئے جائیں گے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے بتا یا کہ کے ایس آرٹی سی نے کل 50الیکٹرک بسوں کے لئے حیدر آباد کی ایک نجی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس کے تحت پہلی بس فراہم کی گئی۔ انہوں نے بتا یا کہ مسافروں سے مثبت رد عمل پر کے ایس آر ٹی سی مزید الیکٹرک بسوں کی سرویس میں اضافہ کرے گا، الیکٹرک بس 12میٹر لمبی ہے،جس میں 43سیٹوں کی گنجائش ہے، بس میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور ساتھ ساتھ ایمر جنسی بٹن بھی لگایا گیا ہے اور حفاظتی انتظامات کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ٹیلی ویژن،ہر سیٹ کے لئے چارجنگ پوائنٹ اور لگیج کے لئے وسیع جگہ فراہم کی ہے۔افسران نے بتا یا کہ بنگلور۔ میسور کے درمیان الیکٹرک بس سرویس 5جنوری سے شروع کی جائے گی، اس کی شرح دیگر بسوں کی بہ نسبت کم مقرر کی جائے گی۔ وزیر برائے ٹرانسپورٹ نے کے ایس آر ٹی کے1,013ملاز مین کو انٹر کارپوریشن ٹرانسفر لسٹ جاری کی،اس موقع پر تین ملاز مین کو ٹرانسفر آرڈر کاپی پیش کی۔ شری راملو نے کے ایس آر ٹی سی میں شروع کی گئی نئی حادثات اسکیم کے تحت چتردرگہ ڈویژن کے ڈرائیور کم کنڈرکٹر جے ایس امیش جن کی موت20 نومبر 2022کے دوران سڑک حادثہ میں ہوئی تھی، ان کی بیوی کو انشورنس کی ایک کروڑ کی چیک پیش کی۔وزیر ٹرانسپورٹ نے کے ایس آر ٹی سی کی ’’ساریگے سمپدا‘‘میگزین کا اجراء کیا۔اس موقع پر رکن اسمبلی و کے ایس آر ٹی سی کے چیرمین کے علاوہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے سکریٹری ڈاکٹر این وی پرسادآئی اے ایس، کے ایس آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر وی امبو کمار آئی اے ایس، ڈائرکٹر(پی اینڈ وی) ڈاکٹر نوین بھٹ آئی اے ایس، بورڈ ڈائرکٹرس پی ردریش، ارونادی ناگراج، راجو کے علاوہ دیگر افسران حاضر رہے۔کے ایس آر ٹی سی افسران نے بتایا کہ بس کو ایک وقت چارج کئے جانے پر 300 کلومیٹر تک کا سفر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ کے ایس آر ٹی سی کی جانب سے خریدی جارہی الیکٹرک بسوں کی دیکھ بھال کے اخرجات فی کلومیٹر55روپئے ہوں گے،فی الوقت کے ایس آر ٹی سی والوو بسوں کیلئے فی کلومیٹر 70 روپئے خرچ آرہا ہے، اس طرح الیکٹرک بسوں کے ذریعہ15 روپئے بچت ہوں گے۔ بی ایم ٹی سی الیکٹرک بسوں کی طرز پر کے ایس آر ٹی سی بسوں کی دیکھ بھال بھی بسیں تیار کرنے والی کمپنی ہی کرے گی، بس کی قیمت 1.8کروڑ روپئے ہے۔انہوں نے بتا یا کہ و یراج پیٹ، کورگ، داونگرے، شیموگہ اور چکمگلور میں چار جنگ اسٹیشن تعمیر کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ میسور کے علاوہ بہت جلد بنگلورو سے کورگ، داونگرے، میسور، چکمگلور،ویراج پیٹ اور شیموگہ کے لئے الیکٹرک بس سرویس شروع کی جائے گی۔