Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 2nd Jan.
لکھنؤ، 02 جنوری: سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ بی جے پی نے نوجوانوں کا مستقبل برباد کر دیا ہے۔ نوجوانوں کے لیے کوئی نوکری نہیں ہے۔ ملک میں روزگار مسلسل کم ہو رہا ہے۔ بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ بی جے پی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے صنعتیں بند ہورہی ہیں۔ مرکز کی بی جے پی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں نے معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی نے صنعتی تجارت اور چھوٹے پیمانے کی صنعتوں کو بھی تباہ کر دیا ہے۔
بی جے پی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے دسمبر کے مہینے میں ملک میں بے روزگاری کی شرح 8.30 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ جو گزشتہ 16 ماہ میں سب سے زیادہ ہے۔ سنٹر فار مانیٹرنگ انڈین اکانومی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پہلے بے روزگاری کی شرح 8 فیصد تھی۔ ملک میں شہری بے روزگاری کی شرح 8.96 فیصد سے بڑھ کر 10.89 فیصد ہو گئی ہے۔
صرف سنت کبیر نگر میں 50 سے زیادہ پاورلوم فیکٹریاں بند ہو چکی ہیں۔ گزشتہ ایک برس سے سوت کی قیمتوں میں اضافے کے باعث لاگت کی وصولی بھی مشکل ہوگئی ہے۔ خسارے میں ڈوبتے بنکر خودکشی کرنے پر مجبور ہیں۔ آج نوجوانوں کے سامنے روزگار کا بحران ہے۔ مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ جس کی وجہ سے عوام کی کمائی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ بی جے پی حکومت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے بجائے دوسرے مسائل میں الجھانے کی کوشش کرتی ہے۔
ایس پی صدر نے کہا کہ بی جے پی نے نوجوانوں، کسانوں اور تاجروں سے جھوٹے وعدے کئے۔ بی جے پی کا ہر سال 2 کروڑ نوکریاں دینے اور کالے دھن کی واپسی کے بعد 15 لاکھ روپے دینے کا وعدہ جھوٹ تھا۔ عام لوگوں اور نوجوانوں کا بی جے پی حکومت سے اعتماد اٹھ چکا ہے۔