دہلی سے پنجاب تک سی بی آئی کی کارروائی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 11th Jan.

نئی دہلی،11 جنوری:بدعنوانی کے معاملے میں دہلی سے لے کر پنجاب تک سی بی آئی کی ایک اور بڑی کارروائی دیکھنے میں آئی ہے۔ ایف سی آئی یعنی فوڈ کارپوریشن آف انڈیاگھوٹالے سے متعلق معاملے میں، سی بی آئی دہلی، ہریانہ، پنجاب سے لے کر کئی ریاستوں میں 50 سے زیادہ مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کے افسران سمیت اناج ملوں کے مالکان کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دراصل سی بی آئی نے اس گھوٹالے میں بدعنوانی کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔ اتنا ہی نہیں اس معاملے میں ایف سی آئی کے ایک افسر کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ سی بی آئی ذرائع نے بتایا کہ اس معاملے میں ریاستی حکومتوں کے کردار کی بھی جانچ کی جائے گی۔ خراب کوالٹی کے اناج کو اچھی کوالٹی کا بتا کر کرپشن ہو رہا تھا۔ اہلکار نے کہا کہ ایف سی آئی میں ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے تکنیکی معاونوں کا کردار ایجنسی کے جانچ کے دائرے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی آئی میں ایک ڈپٹی جنرل منیجر (ڈی جی ایم) کو 50,000 روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کرنے کے بعد چھاپے مارے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور ہریانہ کے کئی شہروں کے ساتھ ساتھ دہلی میں بھی دو مقامات پر چھاپے مارے گئے۔